بھارتی کامیڈین کپل شرما نیٹ فلیکس پر ڈیبیو کیلئے تیار
بھارتی کامیڈین کپل شرما نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی ویڈیو میں ڈیبیو کریں گے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کپل شرما نے ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'افواہوں پر یقین نہ کریں، صرف مجھ پر اعتبار کریں۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں جلد نیٹ فلیکس انڈیا پر آرہا ہوں، یہ اچھی خبر ہے۔
مزید پڑھیں: کپل شرما اپنے شو کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟
کپل شرما کو ویڈیو میں اعلان کرنے سے متعلق ڈائیلاگز کی ریہرسل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
نیٹ فلیکس سے اپنی وابستگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ میں نیٹ فلیکس کے ساتھ اپنی پہلی ایسوسی ایشن کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 2020 دنیا بھر میں ہر ایک کے لیے ایک مشکل سفر رہا ہے اور میرا مقصد ہے کہ لوگ اپنی پریشانیاں بھلائیں اور محبت، ہنسی اور مثبت جذبات کے ساتھ اس نئے سال کا خیرمقدم کریں۔
کپل شرما نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے نیٹ فلکس پر آنا چاہتا تھا لیکن میرے پاس ان کا نمبر نہیں تھا۔
کامیڈین نے کہا کہ یہ پروجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے اور میں جلد ہی اپنے مداحوں کے ساتھ مزید تفصیلات شیئر کرنے کا منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کی ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر واپسی
ذرائع کے مطابق ٹیم ابھی تک پروجیکٹ کی تفصیلات پر کام کررہی ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ یہ سیریز ہوگی یا کوئی خصوصی پروگرام۔
پروجیکٹ کی تفصیلات کا اعلان جلد ہوگا، یہ بھی واضح نہیں ہے کہ دیگر کاسٹ میں کون شامل ہوگا یا کپل شرما اپنی ٹیم کے ساتھ شریک ہوں گے۔
کپل شرما ان دنوں دی کپل شرما شو پر کام کررہے ہیں جو سونی ٹی وی پر نشر ہوتا ہے، انہوں نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر 'بیہائنڈ دی جوکس ود کپل' کے نام سے ایک سیریز بھی شروع کی ہے۔