Dawn News Television

شائع 09 جنوری 2021 01:06pm

فیروز خان پاکستانی دورے پر آئے ترک اداکار جلال آل سے ملنے کے خواہاں

شوبز سے کنارہ کشی کرنے کے بعد حال ہی میں شوبز میں واپسی کا اعلان کرنے والے اداکار فیروز خان نے پاکستانی دورے پر آئے ترک اداکار جلال آل سے ملنے کی خواہش ظاہر کردی۔

جلال آل دو دن قبل 7 جنوری کو ترک فلم و ڈراما ساز کمال تکدن سمیت دیگر افرد کے ساتھ پاکستان پہنچے تھے۔

پاکستان پہنچنے کے بعد جلال آل نے عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید سے ملاقات کرنے کے علاوہ 8 جنوری کو وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی تھی۔

وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ طور پر جلد ہی بنائے جانے والے ڈرامے 'ترک لالا' پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم نے ترک وفد کو یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ پروڈکشن کمپنیوں کے تحت بننے والے 'ترک لالا' کی تیاری میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے ایک اور کردار 'عبدالرحمٰن' کی پاکستان آمد

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد جلال آل نے انسٹاگرام پر پاکستانی اور کشمیری جھنڈے سمیت ترک جھنڈے کے ساتھ کمرے میں کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے اردو میں پاکستانیوں کے لیے محبت کا پیغام جاری کیا تو اداکار فیروز خان نے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جلال آل نے 8 جنوری کو انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اردو میں پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام لکھا اور کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے ترک عوام کی جانب سے محبتوں کا اظہار بھی کیا۔

جلال آل کی مذکورہ پوسٹ پر عمران عباس سمیت دیگر شخصیات نے کمنٹس کرکے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ مداحوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان و ترکی کا مشترکہ طور پر 'ترک لالا' ڈراما بنانے کا امکان

جلال آل کی تصویر پر اداکار فیروز خان نے ان کے لیے محبت کا پیغام لکھتے ہوئے ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ترک اداکار کو پیغام دیا کہ اگر انہیں کسی چیز کی ضرورت ہو تو وہ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

فیروز خان کے کمنٹس پر جلال آل نے بھی جواب دیا اور ان کی جانب سے ملاقات کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے رابطہ کریں گے۔

جلال ال کی جانب سے فیروز خان کی دعوت قبول کیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں اداکار ملاقات کریں گے، تاہم دونوں کب تک ملیں گے یہ واضح نہیں ہے۔

جلال آل کو ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں کمانڈر عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے سے شہرت ملی۔

Read Comments