Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 جنوری 2021 01:14pm

گلوکارہ شکیرا نے اپنے تمام گیت فروخت کردیے

میوزک کے اعلیٰ ترین ایوارڈ گریمی، بل بورڈز اور ایم ٹی وی ایوارڈز جیتنے والی کولمبین گلوکارہ 43 سالہ شکیرا نے بھی اپنے تمام گیت بھاری رقم کے عوض فروخت کردیے۔

شکیرا سے قبل ادب کے نوبیل انعام یافتہ گیت نگار و موسیقار 79 سالہ نے بھی دسمبر 2020 میں اپنے تمام 600 گیت فروخت کیے تھے۔

باب ڈیلن نے اپنے تمام گیتوں کے مالکانہ حقوق ہولی وڈ کی میوزک و فلم پروڈکشن کمپنی یونیورسل میوزک کو بیچے تھے۔

ان کے بعد اب ایوارڈ یافتہ 43 سالہ شکیرا نے بھی اپنے کم از کم 145 گانے برطانوی میوزک فرم Hipgnosis Songs Fund کو بیچ دیے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق برطانوی میوزک کمپنی نے 13 جنوری کی شب تصدیق کی کہ اس نے کولمبین نژاد امریکی گلوکارہ سے تقریبا تمام ہی 145 گانوں کے مالکانہ حقوق خرید لیے۔

شکیرا نے پہلا میوزک ایلبم 1991 میں ریلیز کیا تھا اور انہوں نے کم از کم 11 میوزک ایلبم ریلیز کیے، ان کا آخری میوزک ایلبم 2017 میں ریلیز ہوا تھا۔

میوزک ایلبم کے علاوہ شکیرا نے درجنوں سنگل گانے بھی ریلیز کیے، جنہوں نے کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے۔

شکیرا کے بہترین گانوں میں 2010 میں ریلیز ہونے والا 'واکا واکا' سب سے نمایاں ہے، علاوہ ازیں ان کے دیگر معروف گانوں میں 'وین ایور، ویئر ایور، ہپس ڈونٹ لے، لا ٹورٹرا، لا لا لا، اوجاس آسی، لوکا اور پیرو فیل' سمیت دیگر شامل ہیں۔

شکیرا نے محض 13 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا، ان کی پیدائش لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں لبنانی و اسپینش نژاد والدین کے ہاں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: باب ڈیلن نے اپنے تمام گیت فروخت کردیے

شکیرا کے والد کے خاندان کا تعلق لبنان کے عرب قبیلے سے تھا، اس لیے گلوکارہ کا نام بھی عربی زبان میں رکھا گیا۔

شکیرا کا شمار نہ صرف لاطینی امریکا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی گلوکاراؤں میں ہوتا بلکہ وہ دنیا کی مقبول ترین موسیقاروں میں بھی شمار ہوتی ہیں۔

شکیرا نے اپنے کیریئر میں شاندار گانوں پر مجموعی طور پر 100 کے قریب ایوارڈز جیتے ہیں، جن میں سے 80 سے زائد ایوارڈز انہیں لاطینی امریکی میوزک و فلم کمپنیوں و اداروں کی جانب سے دیے گئے۔

اپنے گانوں کو برطانوی کمپنی کو فروخت کیے جانے پر شکیرا نے مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دنیا کے لوگوں سے جڑنے کے لیے گیت لکھے اور انہوں نے اسی لیے ہی گانوں کو ہر شخص تک پہنچنے کے لیے فروخت کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں گیت لکھنے اور گانے تیار کرنے میں سکون ملتا ہے اور یہ عمل انہیں دنیا کے ہر شخص سے جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔

اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ شکیرا نے کتنی رقم کے عوض اپنے گیت فروخت کیے، تاہم اندازہ ہے کہ گلوکارہ و کمپنی کے درمیان 20 سے 30 کروڑ ڈالر کے درمیان معاہدہ ہوا ہوگا۔

Read Comments