Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2021 04:23pm

فرحان سعید کا ’ٹچ بٹن‘ ہیروئن ایمان علی کے ساتھ فوٹو شوٹ وائرل

گلوکار و اداکار فرحان سعید یوں تو گزشتہ کچھ عرصے سے اہلیہ عروہ حسین سے علیحدگی اور خراب تعلقات کی وجہ سے خبروں میں تھے۔

تاہم اب وہ اپنی آنے والی رومانٹک ایکشن فلم ’ٹچ بٹن‘ کی ہیروئن ایمان علی کے ساتھ کرائے گئے فوٹو شوٹ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

فرحان سعید اور ایمان علی نے حال ہی میں فیشن کلیکشن کے لیے فوٹو شوٹ کروایا، جس میں دونوں انتہائی رومانوی انداز میں دکھائی دیے۔

دونوں نے فوٹو شوٹ کے دوران جہاں مختلف انداز اپنائے، وہیں دونوں نے مختلف طرح کے لباس بھی پہنے، جنہیں مداحوں نے کافی سراہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کے فوٹو شوٹ میں ان کی آنے والی ایکشن رومانٹک فلم ’ٹچ بٹن‘ کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے گئے، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی فلم رواں برس ریلیز کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن اور رومانس سے بھرپور ’ٹچ بٹن‘

اگرچہ ’ٹچ بٹن‘ میں فرحان سعید اور ایمان علی کے علاوہ فیروز خان اور سونیا حسین بھی ہیں تاہم فیشن کلیکشن نے صرف فرحان سعید اور ایمان علی کا فوٹو شوٹ کیا۔

دونوں اداکاروں نے فوٹو شوٹ کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو وہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں اور مداحوں نے دونوں کی تعریفیں کیں۔

فرحان سعید نے ایمان علی کے ساتھ کرائے گئے فوٹو شوٹ میں اہلیہ عروہ حسین کو بھی مینشن کیا تاہم ان کی اہلیہ نے ان کے فوٹو شوٹ کی تصاویر کو شیئر نہیں کیا، نہ ہی ان پر کمنٹس کیے۔

فرحان سعید اور ایمان علی کی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروڈکشن عروہ حسین نے کی ہے اور اس فلم کا مختصر ٹیزر فروری 2020 میں ہی ریلیز کردیا گیا تھا اور اسے 2020 میں عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کیا جانا تھا۔

تاہم کورونا کی وبا کے باعث ’ٹچ بٹن‘ کو عید پر ریلیز نہیں کیا جا سکا تھا، لیکن اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس سینما تھیٹرز کھلنے کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔

Read Comments