Dawn News Television

شائع 20 جنوری 2021 08:29pm

اسپین: وسطی میڈرڈ میں عمارت دھماکے کے بعد منہدم، 2 افراد ہلاک

یورپی ملک اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وسط میں واقع عمارت زوردار دھماکے کے بعد منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق میڈرڈ کے میئر جوزے لوئی مارتینیز نے میڈیا کو بتایا کہ یہ عمارت کیتھولک چرچ کی ملکیت تھی، جو دھماکے کے بعد منہدم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کالے دی تولیدو سڑک پر واقع عمارت میں دھماکا گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا۔

گرجا گھر کے عہدیدار نے کہا کہ دھماکے کے بعد ان کا رضاکار لاپتہ ہے۔

مقامی شخص کا کہنا تھا کہ یہ عمارت ایک کمپلیکس تھا جہاں پادریوں کو رہائشی تربیت اور بے گھر افراد کو کھانا دیا جاتا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق دھماکے کے بعد ہسپانوی ٹیلی ویژن اور ایمرجنسی سروسز سے جاری تصاویر میں سڑک پر ملبہ دیکھا گیا۔

مقامی ایمرجنسی سروس کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 'عمارت میں دھماکے کے بعد فائر عملے کے 9 اراکین اور 11 ایمبولینسز کالے دی تولیدو روانہ کردی گئیں'۔

Read Comments