Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2021 02:05pm

بپی لہری اور مہیش بھٹ نے کام کی پیش کش کی تھی، نادیہ خان

سینئر اداکارہ نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ اور بپی لہری نے فلموں میں کام کی پیش کش کی تھی مگر انہوں نے منع کردیا تھا۔

نادیہ خان نے یوٹیوب شو ٹو بی آنیسٹ (ٹی بی ایچ) میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ انہیں مہیش بھٹ نے بھی فلموں میں کام کی پیش کش کی تھی تاہم انہیں سب سے زیادہ ہنسی بپی لہری کی جانب سے کام کی پیش کش پر آئی۔

نادیہ خان نے شو میں بپی لہری کے بولنے کے انداز کو کاپی کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ دبئی میں مقیم تھیں تو انہوں نے بپی لہری کو اپنے شو میں بلایا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شو ختم ہونے کے بعد بپی لہری ان کے پاس آئے اور ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں کہا کہ وہ فلم بنانے جا رہے ہیں، کیا وہ ان کی فلم میں کام کریں گی؟

یہ بھی پڑھیں: نادیہ خان نے شادی کی تصدیق کردی

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ بپی لہری یہی بات دیگر لڑکیوں اور خواتین کو بھی کہتے تھے، اس لیے انہوں نے بھارتی فلم ساز کو منع کردیا۔

پروگرام میں نادیہ خان نے پہلی بار اپنے بچوں اور والدین کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کا بچن پنجاب کے شہر راولپنڈی میں گزرا، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی اور وہ پڑھائی میں اچھی نہیں تھیں۔

نادیہ خان نے بتایا کہ ان کے والد پاک فوج میں کرنل تھے جب کہ انہیں تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی علیزے ہیں، جن کی عمر 17 برس ہے۔

اداکارہ کے مطابق دوسرے نمبر پر ان کا بیٹا اذان ہے، جن کی عمر 11 برس ہے جب کہ انہیں ایک سال کا بیٹا کیان بھی ہے۔

نادیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کو میڈیا سے دور رکھا ہوا ہے، کیوں کہ وہ چہاتی ہیں کہ ان کے بچے پہلے تعلیم مکمل کرلیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی خواہش ہے کہ ان کی بیٹی قانون دان بنیں جب کہ بیٹا انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکسپرٹ بنیں، تاہم انہوں نے تاحال تیسرے بچے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کراچی میں پلاٹ خریدیں، جس پر میزبان نے انہیں کہا کہ وہ فوج میں شامل ہوجائیں۔

میزبان کے مشورے پر نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد فوج میں تھے اور ان کا کراچی میں ایک پلاٹ بھی تھا، جنہیں ان کے والد نے 1970 میں 47 ہزار روپے میں فروخت کردیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق اب تو کراچی میں صرف پلاٹ ہی 7 سے 8 کروڑ روپے میں مل رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کا سندھ کے دارالحکومت میں پلاٹ ہو۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے نادیہ خان نے مبہم انداز میں کسی بھی اداکار یا اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ آج کل ڈراموں میں کام کرنے کے لیے کسی کو اداکاری کا آنا لازمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل ایسی شخصیات کو کاسٹ کیا جاتا ہے، جن کی سوشل میڈیا پر دھوم ہو اور انہوں نے پیسوں سے اپنے فالورز خرید رکھے ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں نادیہ خان نے بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ ساتھی اداکارائیں ان کی برائی کرتی ہوں گی، کیوں کہ یہ چیز خواتین کی فطرت میں شامل ہے۔

شو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ڈانس کرنا انہیں بہت پسند ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی ایوارڈ شو یا دیگر ٹی وی شو میں ڈانس کریں۔

Read Comments