Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2021 02:48pm

چیڈوک بوسمین کو بعد از مرگ ’گولڈن گلوب‘ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

گزشتہ برس کینسر کے باعث 43 سال کی عمر میں چل بسنے والے ہولی وڈ سیاہ فام ہیرو چیڈوک بوسمین کو بعد از مرگ پہلا گولڈن گلوب ایوارڈ دے دیا گیا۔

’آسکر‘ کے بعد سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ’گولڈن گلوب‘ ایوارڈز کی 78 ویں سالانہ تقریب 28 فروری کو آن لائن منعقد کی گئی اور میزبانوں نے امریکا کے دو مختلف شہروں سے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق 78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں بہترین فلم اداکار کا ایوارڈ آنجھانی اداکار چیڈوک بوسمین کو دیا گیا۔

چیڈوک بوسمین نے ’بلیک پینتھر‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا تھا تاہم انہیں ان کی زندگی میں گولڈن گلوب ایوارڈ نہیں دیا جاسکا تھا۔

تاہم ان کی موت کے بعد ان کی ریلیز ہونے والی آخری فلم 'مارینی، بلیک بوٹم' میں ان کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا جو ان کی بیوہ نے وصول کیا۔

78 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز میں مجموعی طور پر 28 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے جب کہ ہر سال کی طرح دو خصوصی ایوارڈز (Cecil B. deMille Award) اور (Carol Burnett Award) بھی دیے گئے۔

بہترین فلم کا ایوارڈ نومیڈ لینڈ کو دیا گیا جب کہ پہلی بار ایک ایشیائی نژاد خاتون چلوئے ژاؤ کو بھی بہترین ہدایت کارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ نیٹ فلیکس 42 نامزدگیوں کے ساتھ سر فہرست

انہیں فلم نومیڈ لینڈ کی ہدایت کاری پر بہترین ایوارڈ سے نوازا گیا، یوں گولڈن گلوب کے بڑے فلمی ایوارڈز نومیڈ لینڈ کے نام رہے۔

ٹیلی وژن کی کٹیگری میں بڑے ایوارڈز نیٹ فلیکس کے برطانوی شاہی خاندان پر بنائی گئی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ لے اڑیں۔

’دی کراؤن‘ کو بہترین ڈراما سیریل، بہترین اداکار، بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈز دیے گئے۔

گولڈن گلوب ایوارڈز میں سب سے زیادہ ایوارڈز نیٹ فلیکس کے ڈراموں اور فلموں نے حاصل کیے، کیوں کہ اس سال نیٹ فلیکس نے مجموعی طور پر 42 نامزدگیاں حاصل کی تھیں اور کورونا کی وبا کے باعث زیادہ تر فلموں کو آن لائن ہی ریلیز کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث گولڈن گلوب ایوارڈز بھی 2 ماہ تک مؤخر

کورونا کی وبا کے باعث اس سال گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب بھی 2 ماہ کی تاخیر کے بعد منعقد کی گئی، عام طور پر گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب جنوری کے آغاز میں منعقد ہوتی ہے۔

Read Comments