Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2021 02:12pm

دنیا کے کتنے لوگوں کو کورونا ویکسین لگ چکی؟

دسمبر 2019 میں چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا سے 27 مارچ 2021 کی سہ پہر تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ہو چکی تھی۔

اسی طرح کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 28 لاکھ 89 ہزار تک جا پہنچی تھی۔

پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں حیران کن طور پر کورونا سے تحفظ کی ویکسینیشن شروع کیے جانے کے باوجود تیسری لہر پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک دیکھی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے کورونا ٹریکنگ میپ کے مطابق تیسری لہر کے دوران برازیل نے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اب برازیل کورونا سے متاثر پہلا ملک بن گیا۔

حیران کن طور پر برازیل میں 25 اور 26 مارچ کو 80 ہزار اور ایک لاکھ افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اسی طرح امریکا میں 60 ہزار کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بھارت جیسے ملک میں بھی نئے کیسز کی اچانک رفتار 50 ہزار تک جا پہنچی۔

ان تمام ملک میں کورونا کی ویکسینیشن بھی شروع ہوچکی ہے، تاہم اس باوجود کورونا کی تیسری لہر کے دوران ان ممالک میں پہلی دونوں لہروں کے مقابلے زیادہ تیزی سے نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

کتنے ممالک میں کتنے کورونا ویکسین ڈوز لگ چکے؟

رائٹرز کورونا ٹریکنگ میپ کے مطابق 27 مارچ 2021 تک دنیا کے 140 ممالک میں کورونا ویکسینیشن جاری تھی، جہاں گزشتہ تین ماہ سے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔

دنیا کے تمام ممالک میں 27 مارچ 2021 تک کورونا ویکسینیز کے 50 کروڑ 77 لاکھ سے زائد ڈوز استعمال ہو چکے تھے۔

استعمال ہونے والے مذکورہ ڈوزز تمام کمپنیوں کے ویکسینز کے ڈوزز ہیں اور ان میں وہ ڈوزز بھی شامل ہیں، جنہیں کسی بھی شخص کو دوسری مرتبہ بھی لگایا گیا ہے۔

ٹریکنگ میپ کے مطابق دنیا کے 140 میں سے محض ایک درجن ہی ایسے ملک تھے، جنہوں نے 27 مارچ تک اپنے 10 لاکھ سے زائد شہریوں کو کورونا ویکسین کے ڈوز لگائے تھے۔

کورونا ویکسین کے 10 لاکھ افراد کو ڈوز لگانے والے ایک درجن ممالک میں حیران کن طور پر بھارت شامل نہیں ہے، جس کا دعویٰ تھا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن کو سر انجام دے گا۔

اسی فہرست میں چین اور برازیل جیسے ممالک بھی شامل نہیں ہیں اور نہ ہی انڈونیشیا، ملائیشیا، سعودی عرب اور پاکستان جیسے ممالک شامل ہیں۔

اپنے 10 لاکھ سے زائد شہریوں کو کورونا کی ویکسین کے ڈوز فراہم کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر اسرائیل، دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، چلی، برطانیہ، بحرین، امریکا،سربیا، ہنگری، قطر، مراکش، سنگاپور، اسٹونیا، ڈنمارک، ترکی اور فن لینڈ شامل ہیں۔

رائٹرز ٹریکنگ میپ کے مطابق سب سے زیادہ کورونا ویکسین کے ڈوز برطانوی زیر انتظام جزیرہ نما ریاست جبرالٹر کی حکومت نے لگائے ہیں، جس نے اپنی 82 فیصد آبادی کو دو ڈوز کی خوراک دے دی ہے۔

جبرالٹر کی آبادی 34 ہزار کے قریب ہے اور اس جزیرہ نما ریاست اب تک کورونا کے باعث صرف 94 اموات ہوئی ہیں اور وہاں کیسز کی تعداد 7 ہزار 273 ہے۔

کورونا ویکسین لگانے کے حوالے سے ممالک میں پہلے نمبر پر اسرائیل ہے، جہاں کی نصف سے زائد آبادی کو پہلا ڈوز لگ چکا ہے جب کہ وہاں بہت بڑی آبادی کو دوسرا ڈوز بھی لگا دیا گیا ہے۔

کورونا ویکسین کے حوالے سے دوسرے نمبر پر متحدہ ارب امارات ہے جہاں کی 40 فیصد کے قریب آبادی کو ویکیسن کے ڈوز لگائے جا چکے ہیں۔

ویکسینیشن کے حوالے سے غریب ملک چلی امیر ملک امریکا، برطانیہ اور بحرین سے آگے ہے۔

Read Comments