Dawn News Television

شائع 08 اپريل 2021 06:21pm

صحیفہ جبار کو استعمال شدہ اشیا فروخت کرنے پر تنقید کا سامنا

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار کو استعمال شدہ لباس، پرس اور جوتے فروخت کے لیے پیش کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

صحیفہ جبار نے ایک فلاحی کام کے لیے بتائے بغیر اپنی مہنگی اور برانڈڈ اشیا فروخت کے لیے پیش کیں تو لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں لالچی قرار دیا گیا۔

ماڈل نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنی استعمال شدہ مختلف اشیا کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ان کی قیمتیں بھی لکھیں، جو اگرچہ عام افراد کے لیے زیادہ ہوں گی، تاہم درحقیقت وہ انتہائی کم قیمتیں تھیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے اپنا لباس، شرٹس، جوتے اور بیگز بھی فروخت کے لیے پیش کیں، جن کی انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے قیمت بھی لکھی۔

اداکارہ کی جانب سے استعمال شدہ اشیا کی اتنی زیادہ قیمت بتائے جانے پر عام لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں لالچی کہا اور انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ مذکورہ چیزیں غریب افراد کو دیں۔

تاہم خود پر بلاجواز تنقید کے بعد اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ کس طرح لوگوں نے ان کے مقصد کو سمجھے بغیر ان پر تنقید کی اور ان پر سوالات کی بارش کر ڈالی۔

ماڈل و اداکارہ نے لوگوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کی فہرست بھی شیئر کی، جن میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں ان کے شوہر کپڑے نہیں لے کے دیتے کیا؟

ان سے پوچھا گیاکہ اگر وہ اتنی امیر ہیں تو وہ کپڑے کیوں فروخت کر رہی ہیں؟

ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ ان سے کون اتنی رقم میں استعمال شدہ کپڑے خریدے گا، ساتھ ہی انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ غریبوں کو مفت کپڑے دے دیں۔

ایسے سوالوں کے بعد اداکارہ نے اسٹوری میں لکھا کہ وہ جواب نہیں دینا چاہتی تھیں مگر وہ مجبور ہوگئیں کہ وہ سوالوں کے جواب دے دیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے جوابات دیتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا کہ یہ کیوں ضروری ہے کہ نیکی کرنے سے پہلے اس کا اعلان کیا جائے؟

اداکارہ و ماڈل نے سوال پوچھا کہ کیا ضروری ہے کہ عوامی شخصیت کی ہر بات کو غلط لیا جائے؟

صحیفہ جبار خٹک نے ساتھ ہی لکھا کہ غریب آدمی کیوں برانڈڈ چیزیں خریدے گا، اسے تو روٹی کی فکر ہوگی۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ کپڑے بیچنے کے معاملے میں تھوڑی سی لالچی ہیں، کیوں کہ اس عمل سے جتنے زیادہ پیسے ان کے پاس آئیں گے، اتنی ہی وہ زیادہ مدد کر سکیں گی۔

اداکارہ نے ایک اسٹوری میں بتایا کہ انہوں نے اپنی کچھ استعمال شدہ چیزیں فروخت کردی ہیں اور انہوں نے ان سے چیزیں خریدنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ساتھ ہی اداکارہ نے نے سب کو پہلے سے ہی رمضان المبارک کی آمد کی مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک دعائیں کیں۔

اداکارہ نے چیزوں کو فروخت کے لیے پیش کیا، ان کی قیمتیں 6 ہزار سے 18 ہزار روپے تک تھیں اور وہ چیزیں انہوں نے مختلف منصوبوں کے دوران خریدیں اور انہیں استعمال کیا تھا۔

Read Comments