Dawn News Television

شائع 11 اپريل 2021 06:17pm

عمران عباس ترکی سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کریں گے

پاکستان کے مقبول اداکار عمران عباس کے دورہ ترکی کی تصاویر ان دنوں انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کررہی ہیں جن میں وہ ڈراما سیریز 'دیریلیش ارطغرل' کے اداکاروں سے ملاقاتیں کرتے بھی نظر آئے۔

تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکار عمران عباس صرف ترکی کی سیر کو نہیں گئے بلکہ وہ رواں برس ترکی کے شہر استنبول سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کریں گے۔

اداکار عمران عباس رواں برس 'بارانِ رحمت' کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کریں گے جسے ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ای میکس میڈیا پروڈکشنز ٹی وی اور مقامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز جیسا کہ اردو فلکس پر دیکھے جانے والے مواد میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں رمضان ٹرانسمیشن اور اس کے میزبانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ رمضان ٹرانسمیشن 2021 کی میزبانی عمران عباس ترکی سے جبکہ اداکارہ ریما اور فرحان علی وارث پاکستان سے کریں گے۔

مزید کہا گیا کہ ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ ٹرانسمیشن نجی ٹی وی چینلز آج انٹرٹینمنٹ اور آج نیوز سے نشر ہوگی۔

بعدازاں نجی چینل آج انٹرٹینمنٹ کی جانب سے بھی مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں ترکی سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی سے متعلق بتایا گیا۔

عمران عباس کی اس رمضان ٹرانسمیشن کی کچھ اقساط کی ریکارڈنگ رمضان المبارک کی آمد سے قبل کرلی گئی ہیں۔

ان اقساط کی ریکارڈنگ کی کچھ جھلکیاں ای میکس ٹی وی کے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دکھائی گئی ہیں جس میں ترک اداکار بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ عمران عباس فروری میں بھی ترکی گئے تھے اور انہوں نے جلال آل سے استنبول میں ملاقات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ملاقات پر ترک اداکار کا شکریہ ادا کیا تھا۔

تصویر میں جلال آل پاکستانی اداکار کو ترکی کی سوغات کھلاتے دکھائی دیے تھے اور عمران عباس نے ترک سوغات کھلانے پر بھی جلال آل کا شکریہ ادا کیا تھا۔

Read Comments