Dawn News Television

شائع 29 مئ 2021 06:36pm

ملالہ یوسف زئی کی 'فرینڈز: ری یونین' میں شرکت

معروف امریکی سٹ کوم سیریز ’فرینڈز‘ کی خصوصی طور پر تیار کی گئی قسط ’فرینڈز: ری یونین‘ کو طویل انتظار کے بعد بلآخر 27 مئی کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایچ بی او میکس‘ پر ریلیز کردیا گیا۔

’فرینڈز: ری یونین‘ دراصل 1994 سے 2004 تک امریکی ٹی وی پر نشر ہونے والی سٹ کوم کامیڈی سیریز ’فرینڈز‘ کی خصوصی قسط تھی۔

’فرینڈز‘ نے مزاح کے حوالے سے دنیا بھر میں خصوصی شہرت حاصل کی تھی، مذکورہ سیریز میں کرداروں کو مخصوص جگہوں پر دکھایا جاتا تھا۔

سٹ کوم ایسی سیریز کہا جاتا ہے، جس میں کچھ مخصوص کردار ہوتے ہیں اور وہ مخصوص جگہوں پر ہی اداکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ یوسف زئی 'فرینڈز ری یونین' میں بطور مہمان شرکت کریں گی

’فرینڈز‘ سیریز میں 6 اہم کردار تھے اور انہیں چند اہم جگہوں پر ہی دکھایا جاتا تھا، تاہم ڈرامے میں مہمان کردار بھی شرکت کرتے رہتے تھے۔

’فرینڈز‘ سیریز میں جینیفر اینسٹن، کورٹنی کوکس، لیزا کوڈرو، ڈیوڈ شیویمر، میٹ لیبلانک اور میتھیو پیری مرکزی اداکار تھے، تاہم ان کے ساتھ بعض مرتبہ مہمان اداکار بھی دکھائی دیتے تھے۔

کامیاب سیریز کو ختم ہوئے ڈیڑھ دہائی گزرنے کے بعد پرانی سیریز کے پروڈیوسرز نے اس کی خصوصی قسط بنائی، جس میں تمام پرانے مرکزی اداکاروں کو واپس پرانی جگہ گھومتے ہوئے دکھایا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ولچر‘ کے مطابق ’فرینڈز: ری یونین‘ کی خصوصی قسط کو 27 مئی کو ایچ بی او میکس پر ریلیز کردیا گیا اور جن ممالک میں مذکورہ ویب سائٹ کی سروس دستیاب نہیں تھی، وہاں دوسری ویب سائٹس پر اسے ریلیز کیا گیا۔

’فرینڈز: ری یونین‘ میں پرانی سیریز کے تمام مرکزی اداکاروں کو پرانے ڈراموں کے ان تمام سیٹس اور جگہوں پر جاکر ملتے اور جذباتی ہوتے ہوئے دکھایا گیا، جہاں وہ جوانی میں ڈرامے کے کردار ادا کیا کرتے تھے۔

اسی طرح ’فرینڈز: ری یونین‘ کی خصوصی سیریز میں کم از کم 15 عالمی اور معروف شخصیات کو اپنے اپنے دوستوں کے ساتھ خصوصی طور پر دکھایا گیا۔

سیریز میں دکھائی گئی معروف شخصیات میں برطانوی کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم، گیم آف تھرونز کے اداکار کٹ ہیرنگٹن اور پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، لیڈی گاگا، جسٹن بیبر اور دیگر شخصیات کو دکھایا گیا۔

مذکورہ معروف شخصیات اپنے اپنے دوستوں کے ساتھ شریک ہوئیں اور وہ ’فریںڈز‘ یعنی پرانی سیریز کی اپنی پسندیدہ قسطوں یا مناظر پر بات کرتے دکھائی دیے۔

ملالہ یوسف زئی اپنی دوست ’ووی‘ کے ساتھ ’فرینڈز: ری یونین‘ میں دکھائی دیں اور دونوں پرانی سیریز کے اپنے پسندیدہ مناظر پر بات کرتے دکھائی دیں۔

ملالہ یوسف زئی نے بتایا کہ انہیں ’فرینڈز‘ کے چھٹے سیزن کی 10 ویں قسط کا ایک ڈانس کا مںظر بہت پسند آیا۔

Read Comments