Dawn News Television

شائع 11 جون 2021 12:47pm

رز احمد نے فلموں میں مسلمانوں کو منفی کرداروں میں دکھانے کے خلاف مہم شروع کردی

آسکر نامزد یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد نے مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے ہولی وڈ فلموں میں مسلمانوں کے منفی کرداروں میں دکھانے کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق رز احمد نے مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے دنیا بھر کے فلم سازوں اور اداکاروں کو فیلوشپ دے کر انہیں فلموں میں مسلمانوں کو مثبت کرداروں میں دکھانے کے حوالے سے مہم کا آغاز کردیا۔

رز احمد نے مذکورہ مہم کا آغاز حال ہی میں ہونے والے ایک سروے کے بعد کیا، جس سے معلوم ہوا کہ ہولی وڈ کی میگا بجٹ فلموں میں مسلمانوں کو پرتشدد اور دہشت گرد کردارو میں دکھایا جاتا ہے۔

سماجی تنظیم ’انن برگ‘ کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 2017 سے 2019 تک ریلیز ہونے والی 10 فیصد سے بھی کم میگا بجٹ امریکی، برطانوی، آسٹریلوی و نیوزی لینڈ فلموں میں ایک مسلمان کردار کو دکھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رز احمد کی فلم ’ ساؤنڈ آف میٹل‘ اعلیٰ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

ساتھ ہی سروے سے معلوم ہوا کہ جہاں فلموں میں مسلمان کرداروں کو کم شامل کیا جاتا ہے، وہیں اگر انہیں فلموں کا حصہ بنایا بھی جاتا ہے تو ان کے کردار قاتل، پرتشدد اور دہشت گرد کے طور پر دکھائے جاتے ہیں۔

فلموں میں مسلمان کرداروں کو منفی انداز میں دکھائے جانے کے سروے کے بعد ہی مذکورہ تنظیم انن برگ اور اداکار رز احمد نے دیگر تنظیموں کے ساتھ نئی مہم کا آغاز کیا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے بتایا کہ مذکورہ مہم کے تحت سماجی تنظیم ’انن برگ، فورڈ فاؤنڈیشن اور پلرز فنڈ‘ کے تحت نیا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس کے تحت دنیا بھر سے فلم سازوں اور اداکاروں کو فیلو شپ دی جائے گی۔

مذکورہ فیلو شپ پروگرام کے تحت فلم سازوں اور اداکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے سمیت انہیں تربیت دی جائے گی کس طرح فلموں میں مسلمانوں کے مثبت کردار دکھائے جا سکتے ہیں۔

ورائٹی کے مطابق مذکورہ منصوبے میں رز احمد کے علاوہ دیگر مسلمان اداکار بھی شامل ہیں، جن میں مہر شالا علی، ریمی یوسف، لینا خان، ثنا امانت، کریم عامر، روزا عطاب، ندا منظور، جہان نوجیم اور حسن منہاج بھی شامل ہیں اور مذکورہ تمام اداکار فیلوشپ حاصل کرنے والوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

Read Comments