Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2021 06:47pm

کورونا ایس او پیز کے ساتھ حج کی ادائیگی

عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ منعقد ہونے والے دوسرے حج کا رکنِ اعطم وقوف عرفہ ادا کردیا گیا۔

محدود پیمانے پر منعقدہ حج کے لیے 60 ہزار مکمل ویکسینیٹڈ شہری اور رہائشی 9 ذی الحج کو میدانِ عرفات میں جمع ہوئے جہاں شیخ بندر بن عبد العزيز بليلہ نے خطبہ حج دیا۔

مناسکِ حج کی ادائیگی کا سلسلہ 8 ذی الحج سے شروع ہوتا ہے جو 12 ذی الحج تک جاری رہتا ہے، 8 ذی الحج کو عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ کی جانب سفر کرتے ہیں اور رات بھر عبادت کرتے ہیں، 9 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد عازمینِ حج منیٰ سے میدانِ عرفات کے لیے روانہ ہوتے ہیں، جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کی جاتی ہے۔

عرفات میں غروبِ آفتاب تک قیام لازمی ہوتا ہے اور اس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں، جہاں پر مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور رات بھر یہاں قیام لازم ہوتا ہے۔

10 ذی الحج کو عازمین ایک مرتبہ پھر مزدلفہ سے منیٰ آئیں گے، جہاں قربانی سے قبل شیطان کو کنکریاں ماریں گے، منیٰ میں عازمین مخصوص مناسک کی ادائیگی کریں گے پھر مکہ مکرمہ جاکر ایک طواف کرنے بعد منیٰ واپس آئیں گے۔

11 اور 12 ذی الحج کو تمام مناسک سے فارغ ہونے کے بعد عازمین ایک مرتبہ پھر مکہ مکرمہ جا کر مسجد الحرام میں الوداعی طواف کریں گے۔

Read Comments