Dawn News Television

شائع 21 جولائ 2021 03:13pm

مسلسل چوتھی عید پر بھی سینماؤں میں فلمیں ریلیز نہ کی جا سکیں

کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان میں مسلسل چوتھی عید پر اور تقریبا دو سال سے سینماؤں پر کوئی فلم ریلیز نہ کی جا سکی۔

کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان میں مارچ 2020 کے بعد سینماؤں کو بند کیا گیا تھا اور ساتھ ہی نئی فلموں کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی گئی تھی۔

گزشتہ برس مارچ سے لے کر اب تک پاکستان میں سینما نہیں کھولے جا سکے، تاہم جزوی طور پر فلموں کی شوٹنگ شروع کی گئی تھی، لیکن کورونا کے دوبارہ زور پکڑنے پر پھر سے شوٹنگ بند کردی گئی تھی۔

سینما مالکان اور فلم پروڈیوسرز کو امید تھی کہ 2020 کے آخر تک ملک میں سینما کھل جائیں گے اور حکومت نے کورونا کیسز میں کمی کے بعد سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ سینما کھولنے کی اجازت بھی دی تھی مگر انہیں کھولا نہیں جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث پاکستانی سینما کا مستقبل کیا ہے؟

پاکستان میں فلموں کی کم پروڈکشن اور کورونا کے بار بار سر اٹھانے کی وجہ سے سینما مالکان نے جہاں سینماؤں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا، وہیں اب ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے خطرے کے پیش نظر ایک بار پھر سینماؤں کو بند کردیا گیا۔

پاکستانی سینماؤں میں مقامی فلم آخری بار 2020 کے آغاز میں ہی ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد تاحال کسی پاکستانی فلم کو بھی ریلیز نہیں کیا گیا جب کہ سینماؤں کو تقریبا دو سال سے اور مسلسل چوتھی عید پر بھی بند رکھا گیا۔

سینماؤں کو نہ کھولے جانے کی وجہ سے جہاں فلمی شائقین میں مایوسی چھائی ہوئی ہے، وہیں سینما انڈسٹری میں کام کرنے والے لوگ بھی بدحالی کا شکار ہیں۔

پاکستان میں جدید دور کے تقریبا 150 سینما پردے ہیں اور وہاں پر درجنوں کارکنان کام کرتے ہیں جو گزشتہ دو سال سے بے روزگار ہیں۔

ایک طرف سینماؤں کو بند رکھنے کی وجہ سے جہاں انڈسٹری بدحالی کا شکار ہے، وہیں شائقین بھی پاکستانی کے بجائے بھارتی اور ہولی وڈ فلمیں آن لائن دیکھنے پر مجبور ہیں۔

مقامی سطح پر کسی بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ نہ ہونے کی وجہ سے جہاں پاکستانی فلمیں ریلیز نہیں کی جا سکتیں، وہیں کورونا کی وجہ سے فلم بنانے کے رجحان میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں پہلی بار مسلسل دوسری عید پر بھی فلمیں ریلیز نہیں ہوں گی

مسلسل چوتھی عید پر بھی سینمائیں بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی شائقین صرف ٹیلی فلم یا پھر نیٹ فلیکس جیسے غیر ملکی پلیٹ فارمز پر غیر ملکی فلمیں دیکھنے پر مجبور ہیں۔

کورونا کی وبا کے باوجود پاکستان کے علاوہ زیادہ تر ممالک میں جزوی طور پر سینما گھر کھول دیے گئے ہیں اور وہاں فلمیں بھی ریلیز کی جا رہی ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ممالک امریکا، بھارت، برطانیہ اور برازیل سمیت جرمنی اور دیگر یورپی ممالک میں بھی سینما کھول د یے گئے ہیں جب کہ چین میں بھی بڑے پردوں پر فلمیں ریلیز کی جانے لگی ہیں۔

Read Comments