Dawn News Television

شائع 22 جولائ 2021 08:28pm

صبا قمر نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی

پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی مقبول اداکارہ صبا قمر نے مزاحیہ انداز میں اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

صبا قمر نے شادی نہ کرنے کی وجہ انسٹاگرام اسٹوری میں ایک میم شیئر کرتے ہوئے بتائی۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری میں لکھا تھا کہ 'کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ آپ اب تک سِنگل کیوں ہیں؟'۔

صبا قمر کے مطابق وہ اس سوال کا جواب دیتی ہیں کہ یہ چار دِن کی توجہ کے چکر میں روز روز کی ٹینشن مجھے نہیں چاہیے۔

مزید پڑھیں: کیا صبا قمر شادی کررہی ہیں؟

اداکارہ صبا قمر کی مذکورہ انسٹاگرام اسٹوری سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور مداحوں کے مطابق شاید اداکارہ اسی وجہ سے اب تک غیرشادی شدہ ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس مارچ میں اداکارہ صبا قمر کے حوالے سے خبریں گردش میں تھیں کہ وہ جلد عظیم خان نامی ایک کاروباری شخص سے شادی کرنے والی ہیں۔

اداکارہ نے خود بھی ایک انٹرویو میں تصدیق کی تھی کہ وہ عظیم خان سے شادی کرنے والی ہیں اور انہوں نے نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر پوسٹ کی تھی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ 'اگر کچھ ہونا ہوگا تو ہوجائے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کا فوری طور پر عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا فیصلہ

صبا قمر کی مذکورہ پوسٹ پر عظیم خان نے کمنٹ کیا تھا کہ 'اس سال شادی کرلیتے ہیں؟ جس پر اداکارہ نے انہیں جواب دیا تھا کہ ’قبول ہے‘۔

بعدازاں اپریل میں صبا قمر نے اعلان کیا تھا کہ وہ عظیم خان سے شادی نہیں کررہی اور فوری طور پر شادی کرنے کا فیصلہ بعض ذاتی وجوہات اور مسائل کی بنا پر کیا ہے۔

Read Comments