Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اگست 2021 08:15pm

ایران نے بحری جہاز پر حملے کے اسرائیلی الزامات مسترد کردیے

ایران کا کہنا ہے کہ وہ عمان کے ساحل پر اسرائیلی پیٹرولیم مصنوعات کے ٹینکر پر حملے میں ملوث نہیں ہے، یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا جس میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسرائیل نے مذکورہ حملے کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آن لائن ہفتہ وار کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست (اسرائیل) نے عدم تحفظ، دہشت گردی اور تشدد کو جنم دیا ہے، تہران مذکورہ واقعے میں ایران کے ملوث ہونے کے الزام کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات بے بنیاد ہیں جن کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل حقائق سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے آئل ٹینکر پر حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کردی

خیال رہے کہ جمعرات کو اسرائیلی بحری کمپنی زوڈیک میری ٹائم کے زیر انتظام جاپانی بحری جہاز پر حملے کے نتیجے میں ایک برطانوی اور رومانیہ کا شہری ہلاک ہوگیا تھا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ یہ واقعہ سخت رد عمل کا مستحق ہے۔

ٹینکر میں کیا ہوا تھا اس سے متعلق مختلف وضاحتیں سامنے آئی ہیں، زوڈیک میری ٹائم نے کہا کہ واقعہ 'مشتبہ قزاقی' ہے۔

عمان میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کے ذرائع نے کہا کہ حادثہ عمانی بحری سرحدوں کے باہر پیش آیا۔

مزید پڑھیں: جب اور جہاں ضروری ہوا، ایران کو نشانہ بنائیں گے، اسرائیلی وزیر دفاع

واقعے سے متعلق خفیہ اطلاعات سے واقف امریکی اور یورپی ذرائع کے مطابق اس واقعے کا شک ایران پر ہے۔

امریکی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ بظاہر لگتا ہے کہ یہ حملہ ڈرون سے کیا گیا تھا لیکن حکومت حتمی شواہد تلاش کر رہی ہے۔

Read Comments