Dawn News Television

شائع 10 اگست 2021 09:15pm

شیاؤمی نے ایک عجیب اور منفرد روبوٹ ڈوگ پیش کردیا

شیاؤمی کو اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس یا ایسی ہی ڈیوائسز کے لیے جانا جاتا ہے مگر اب پہلی بار اس نے ایک سائبر ڈوگ روبوٹ متعارف کرایا ہے۔

می مکس 4 کے ایونٹ کے دوران شیاؤمی نے ایک اوپن سورس 4 ٹانگوں والے روبوٹ کا بھی اعلان کیا۔

اس اوپن سورس روبوٹ کی ایپس کی تیاری کے لیے کمپنی ڈویلپرز کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش مند ہے۔

یہ روبوٹ بوسٹن ڈائنامکس کے اسپاٹ نامی روبوٹ سے کافی ملتا جلتا ہے۔

ایونٹ میں جس روبوٹ کو پیش کیا گیا وہ این ویڈیا کے جیٹ سن زاویر این ایکس پر مبنی تھا جسے دنیا کا سب سے چھوٹا اے آئی سپر کمپیوٹر قرار دیا جاتا ہے۔

دنیا کے تجربات سے گزرنے کے لیے سائبر ڈوگ کے مشینی جسم میں 11 سنسرز بشمول ٹچ اور الٹرا سونک سنسرز موجود ہیں جبکہ کیمرا اور جی پی ایس اسے اپنے ماحول سے تعلق پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

شیاؤمی نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی اتنی اچھی ہے کہ سائبر ڈوگ اپنے مالک کے پیچھے پیچھے چل سکتا ہے اور ارگرد موجود مشکلات عبور کرسکتا ہے۔

اس کے علاوہ انسانی چہروں کو ٹریک کرنے اور ان کے کھڑے یا بیٹھنے کے انداز کو شناخت کرسکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اسے لوگوں کو فروخت کرنے کی بجائے ایک ہزار ماڈلز شیاؤمی فین، انجنیئرز اور روبوٹس کا شوق رکھنے والے افراد کو دیئے جائیں گے۔

مگر یہ ان افراد کے لیے سستا نہیں ہوگا بلکہ 9999 یوآن (2 لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرکے ہی اسے خریدنا ممکن ہوگا۔

Read Comments