Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اگست 2021 03:35pm

دعا ملک کے گھر ننھے مہمان کی آمد

اداکار فیروز خان اور اداکارہ حمائمہ ملک کی بہن و سابقہ گلوکارہ دعا ملک کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

دعا ملک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے تیسرے بچے کی پیدائش سے متعلق بتایا۔

دوسری جانب انسٹاگرام پر اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی مداحوں کو خالہ بننے کی خوشخبری سنائی۔

حمائمہ ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اللہ کاشکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میری بہن دعا ملک کو اللہ نے بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے۔

انہوں نے بھانجے کی پیدائش کو اپنے خاندان میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیتے ہوئے نومولود کو دعا بھی دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دعا ملک نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے اور اپنے بھائی کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بعدازاں دعا ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے سر کو ڈھانپے ہوئے تھیں۔

دعا ملک نے 2014 میں میوزک آرٹسٹ سہیل حیدر سے شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی اور بیٹا بھی ہیں۔

خیال رہے کہ دعا ملک نے 2014 میں گلوکارہ ہونے کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

وہ کئی ڈراموں کے ٹائٹل گانے گا چکی ہیں جبکہ انہوں نے 2018 کے ڈرامے ’خفا خفا زندگی‘ میں مرکزی کردار بھی ادا کیا تھا۔

Read Comments