Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2021 05:35pm

ابرار الحق کا 'بے بی شارک' سے متعلق بیان، یاسر حسین نے بیٹے کے گانا سنانے کی ویڈیو شیئر کردی

ملک کے معروف گلوکار ابرارالحق کی جانب سے حال ہی میں نئی نسل کی پرورش کے حوالے سے دیے گئے بیان کے بعد اداکار یاسر حسین نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی کسی ماں کو نہ پرکھیں۔

خیال رہے کہ ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 3 سالہ کارکردگی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ بچے تھے تو اس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں سلاتے ہوئے اسلامی کلمات سناتی تھیں۔

گلوکار نے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون دے کر اس پر ’بے بی شارک‘ گانا لگا دیتی ہیں، انہوں نے منفرد انداز میں بچوں اور بڑوں کے مقبول گانے ’بے بی شارک‘ کو گاکر بھی دکھایا تھا۔

مزید پڑھیں: ابرار الحق کے ’بے بی شارک‘ سے متعلق بیان پر شوبز شخصیات منقسم

ابرار الحق کی جانب سے بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر مداحوں سمیت شوبز شخصیات نے منقسم رائے کا اظہار کیا تھا۔

اب یاسر حسین نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کی اہلیہ و اداکارہ اقرا عزیز اپنے بیٹے کو بچوں کا مقبول ترین گانا 'بے بی شارک' سنا رہی ہیں۔

اسی پوسٹ میں شیئر کی گئی دوسری ویڈیو ان کے بیٹے کبیر کو تلاوت سنائی جارہی ہے۔

اپنی پوسٹ کے کیپشن میں یاسر حسین نے لکھا کہ 'کبھی کسی ماں کو نہ پرکھیں کہ وہ بچے کو کیسے پالتی ہے، کیا سکھاتی ہے، کیا سناتی ہے'۔

یاسر حسین نے لکھا کہ 'اگر میں نے یہ سب پہلے دیکھ لیا ہوتا کہ ماں کا بچے کو پالنا کتنا مشکل ہے تو میں اپنی اماں سے کبھی آنکھ ملا کے بات بھی نہ کرپاتا'۔

یہ بھی پڑھیں: ’بے بی شارک‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گیت

انہوں نے مزید کہا کہ 'ماں کا رتبہ بہت بڑا ہے، آج یا کل، ہمیشہ ماں، ماں ہے'۔

اداکارہ عائشہ عمر اور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی یاسر حسین کی مذکورہ پوسٹ کو سراہا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یاسر حسین نے ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کی جانب سے گلوکار ابرار الحق پر سخت تنقید کی حمایت کی تھی۔

خیال رہے کہ ’بے بی شارک‘ گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے، مذکورہ گانے کو جنوبی کورین پروڈیوسرز نے 2016 میں اپ لوڈ کیا تھا۔

’بے بی شارک‘ دنیا بھر کے بڑوں اور بچوں میں یکساں مقبول گانا ہے۔

Read Comments