Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2021 03:57pm

پاکستان آمد پر عاصم اظہر کی کرس گیل کو بریانی کی پیشکش

نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کرکٹر کرس گیل کے ملک آنے کے اعلان پر گلوکار عاصم اظہر نے بریانی سے ان کی تواضع کرنے کی پیشکش کردی۔

ویسٹ انڈیز کے کرکٹر کرس گیل نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’میں کل پاکستان جارہا ہوں کون میرے ساتھ آرہا ہے؟'

کرس گیل کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا تھا کہ ’آپ کو خوش آمدید میرے بھائی، آپ اپنے گھر آرہے ہیں‘۔

جس کے بعد سے ٹوئٹر پر کرس گیل کے اس اعلان پر انہیں سراہا جارہا ہے اور ان کے نام کا ہیش ٹیگ بھی ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

جہاں سوشل میڈیا صارفین نے کرس گیل کی ٹوئٹ پر ان کی تعریف کی وہیں گلوکار عاصم اظہر نے انہیں بریانی کی پیشکش کردی۔

گلوکار عاصم اظہر نے جوابی ٹوئٹ کی کہ ’خوش آمدید کرس گیل، ہم آپ کی مہمان نوازی اچھی بریانی، بہترین موسیقی اور سیکیورٹی سے کریں گے‘۔

علاوہ ازیں پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کرس گیل کی ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لیجنڈ آپ سے وہیں ملیں گے‘۔

کرس گیل کی جانب سے مزید کچھ نہیں بتایا گیا کہ وہ واقعی پاکستان آرہے ہیں یا نہیں، مگر کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ وہ ان دنوں آئی پی ایل کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے 2 روز قبل 17 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکیورٹی خطرے کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

جس کے بعد دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پاکستان و دنیا بھر سے کرکٹرز نے غم و غصے کا اظہار بھی کیا۔

Read Comments