Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2021 07:23pm

عاصم اظہر کی ڈراما ’صنفِ آہن’ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی تصدیق

معروف گلوکار عاصم اظہر نے فوج کی خواتین افسران و اہلکاروں کی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل ’صنف آہن‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی تصدیق کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ماڈل میرب علی کے اس ڈرامے کا حصہ بننے کے بعد سے یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ عاصم اظہر بھی اس ڈرامے میں اداکاری کریں گے۔

کچھ سوشل میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ عاصم اظہر شاید میرب علی کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: ماڈل میرب علی بھی 'صنفِ آہن' کا حصہ بن گئیں

اب گلوکار عاصم اظہر نے تصدیق کردی ہے کہ وہ اس ڈرامے سے اداکاری میں اپنا ڈیبیو کررہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ سم تھنگ ہاٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے کہا کہ میں ڈراما ’صنفِ آہن’ کا حصہ ہوں۔

عاصم اظہر نے کہا کہ اداکاری ایک بہت محنتی کام ہے، ایک عظیم شخص نے کہا تھا کہ کیمرا کے سامنے پرفارم کرنا اداکاری کے بارے میں سب سے کم چیز ہے بات باقی چیزوں کی ہے جیسا کہ صبر، ریہرسلز اور لڑائیاں وغیرہ۔

انہوں نے کہا کہ میں خود کو کبھی بھی اداکار نہیں مان سکتا کیونکہ یہ ایک بہت مختلف چیز ہے۔

عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں ان کی اداکاری سے متعلق سوشل میڈیا پر سنسنی پھیل چکی ہے اور کچھ تصاویر وائرل ہونے کے بعد سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ میں کس کے ساتھ نظر آؤں گا۔

ڈرامے میں اپنے کردار سے متعلق سوال پر عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ میں نہیں بتا سکتا، پروڈیوسر خفا ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن اداکارہ 'صنف آہن' کا حصہ بننے کو تیار

انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں میرے رول سے متعلق اہم بات ہی یہ ہے کہ میں کس کے ساتھ نظر آؤں گا؟

عاصم اظہر نے کہا کہ میرا کردار میرب علی کے ساتھ نہیں ہے وہ الگ ٹریک پر ہیں اور میں الگ۔

علاوہ ازیں ماڈل میرب علی نے بتایا کہ ڈرامے میں ان کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور انہوں نے یمنیٰ زیدی کے ساتھ اداکاری کی ہے۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ عاصم اظہر ایک سال کے عرصے میں چوتھے گلوکار ہیں جو اداکاری کے میدان میں قسمت آزمانے کو تیار ہیں۔

ان سے قبل حدیقہ کیانی نے ’رقیب سے’ ڈیبیو کیا جو بے حد مقبول ہوا جبکہ اذان سمیع ’عشقِ لا’ اور عاطف اسلم ’سنگِ ماہ’ سے ڈیبیو کریں گے جو جلد نجی ٹی وی پر نشر ہوں گے۔

خیال رہے کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دیں گے اور اسے اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے کو ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' نے بھی معاونت کی ہے۔

اس کی مرکزی کاسٹ میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں جبکہ بعدازاں عثمان مختار اور میرب علی کو بھی ڈرامے کا حصہ بنایا گیا تھا۔

تمام اداکاراؤں نے بھی رواں برس جون میں ’صنف آہن‘ سے متعلق انسٹاگرام پوسٹس کی تھیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ پانچوں مرکزی اداکارائیں ایک ساتھ کام کریں گی۔

ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی فوج کی 5 خواتین افسران کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔

Read Comments