دنیا

چین: شدید بارشیں اور سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوگی

چین کے شمال مشرقی صوبے ہائی لونگ جیانگ میں 54 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ خراب موسم کے باعث جنوبی صوبے گانگڈونگ میں بیس افراد ہلاک ہوئے۔
|

بیجنگ: چین میں حکام اور سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دو روز کے دوران تباکن سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب 74 ہوگئی ہے جبکہ ہزاروں اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔

چین کا سرکاری ٹیلیویژن اسے ملک کی بدترین تباہی قرار دے رہا ہے جس میں چین کے شمال مشرقی صوبے ہائی لونگ جیانگ میں 54 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور سول امور کے وزیر کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث جنوبی صوبے گانگڈونگ میں بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گانگڈونگ صوبے میں ہی سات افراد لاپتہ ہیں اور تقریباً  پانچ لاکھ دس ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔

زمینی راستے تباہ ہونے کی وجہ سے دس ہزار کے قریب افراد کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔

صوبہ گانگڈونگ ٹرانسپورٹ کے لحاظ سے کافی اہم ہے اور شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گوانگ ریلوے اسٹیشن سے متعدد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ 80 ہزار مسافر ایک ہفتے سے زائد کے عرصے سے ریلوے اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔

ریلوے اسٹیشن کی ویب سائٹ پر ایک تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج پیر کے روز سے سروسز معمول پر آنا شروع ہوگئی ہیں۔

سرکاری ٹی وی زنہوا کے مطابق دوہزار آٹھ سو فوجی امدادی کاروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

طوفانی بارشوں کی وجہ سے گزشتہ ہفتے صوبے گانگڈونگ میں دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔