Dawn News Television

شائع 30 اکتوبر 2021 05:55pm

بریسٹ کینسر سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم

پاکستان بھر کی خواتین کو بریسٹ کینسر سمیت دیگر بیماریوں سے متعلق معلومات اور تجاویز فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی۔

بریسٹ کینسر سمیت دیگر بیماریوں اور طبی مسائل سے متعلق ابتدائی معلومات اور تجاویز فراہم کرنے والے ڈیجیٹل ادارے ’ڈاکٹ ہرس‘ کی جانب سے خاتون اول ثمینہ علوی کی معاونت سے ہیلپ لائن کو متعارف کرایا گیا ہے۔

’ڈاکٹ ہرس‘ خواتین سمیت تمام افراد کو صحت سے متعلق آن لائن سہولیات فراہم کرنے والی ابھرتی ہوئی کمپنی ہے،جس نے بریسٹ کینسر سے متعلق ہیلپ لائن گزشتہ سال شروع کی تھی۔

ڈیجیٹل ہیلتھ کی کمپنی اور صدر مملکت اہلیہ ثمینہ علوی کی جانب سے شروع کی گئی نیشنل بریسٹ کینسر ہیلپ لائن پر خواتین کو موضی مرض سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بریسٹ کینسر ویکسین کے پہلے انسانی ٹرائل کا اعلان

کمپنی نے ڈان امیجز کو بتایا کہ ہیلپ لائن کو گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا اور مذکورہ ہیلپ لائن پر نہ صرف بریسٹ کینسر بلکہ دیگر طبی مسائل، پیچیدگیوں، ذہنی مسائل، ڈپریشن اور موضی امراض سے متعلق بھی ابتدائی معلومات فراہم کی جاتی ہے۔

ہیلپ لائن کو متعارف کرانے والے ادارے کے مطابق گزشتہ ایک سال میں انہیں پاکستان بھر سے چار ہزار خواتین کے فون کالز موصول ہوئے، جن میں سے زیادہ تر بریسٹ کینسر سے متعلق ہی تھے۔

مذکورہ ہیلپ لائن کے ذریعے پاکستان بھر سے کوئی بھی شخص گھر بیٹھے فون پر رابطہ کرکے انہیں اپنی طبی پیچیدگیوں سے متعلق آگاہ کرکے ماہرین سے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔

ہیلپ لائن کے ذریعے ہر شخص سےابتدائی رابطےکے معلومات حاصل کرنے کے بعد کسی ڈاکٹر کو ان سے رابطہ کرنے کا کہا جاتا ہے اور ماہرین صحت صارفین سے معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں ان کے مسائل سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بریسٹ کینسر کی نشاندہی کرنے والی عام علامات

ہیلپ لائن کے ذریعے لوگوں کو طبی مسائل کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کروانے کے مشوروں سمیت انہیں متعلقہ ہسپتالوں یا ڈائیگنوسٹک سینٹرز سے متعلق بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

ہیلپ لائن کا مقصد بریسٹ کینسر سمیت کئی طرح کی خواتین کی پیچیدہ بیماریوں سے متعلق خواتین میں بات کرنے کا شعور اجاگر کرنا ہے اور اس سے کافی فائدہ بھی ہوا ہے۔

پاکستان بھر سے لوگ نیشل بریسٹ کینسر ہیلپ لائن کے فون نمبر (02138737373) پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Read Comments