Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2021 02:32pm

انڈوں کی زردی کی رنگت مختلف ہونے کی اصل وجہ جان لیں

آپ نے انڈوں کے چھلکوں کی مختلف رنگت دیکھی ہوگی جیسے بھوری یا سفید مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ انڈے کی زردی بھی مختلف رنگوں کی ہوسکتی ہے؟

جی ہاں واقعی ہلکے پیلے رنگ سے لے کر گہرے نارنجی رنگ کی زردی ہوسکتی ہے۔

مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ کچھ انڈوں کی زردی دیگر کے مقابلے میں زیادہ گہری رنگت کی کیوں ہوتی ہے؟

زردی کے رنگت کے پیچھے چھپا راز

عام خیال کے برعکس انڈے کی زردی کی رنگت کا مرغی کی اقسام سے کچھ لینا دینا نہیں ، البتہ اس یہ عنصر انڈے کے چھلکے کی رنگت پر ضرور اثر انداز ہوتا ہے۔

بنیادی طور پر انڈے کی زردی کی رنگت کا مکمل تعین مرغی کی غذا پر ہوتا ہے۔

جن مرغیوں کی غذا پیلے اور نارنجی رنگ پر مبنی ہوتی ہے ان کے انڈوں کی زردی کی رنگت گہری ہوتی ہے۔

یہ یعنی بہت سادہ سی بات ہے کہ مرغی کی غذا زردی کی رنگت کا تعین کرتی ہے۔

اگر کسی مرغی کو گیندے کے پھول کے پتے کھلائے جائیں تو زردی کی رنگت نارنجی ہوسکتی ہے، جبکہ سرخ شملہ مرچ غذا کا حصہ ہونے پر زردی کی رنگت سرخی مائل ہوسکتی ہے۔

تو کیا زردی کی رنگت صحت کے پر اثرات مرتب کرتی ہے؟

تو آپ کو یہ تو علم ہوگیا کہ زردی کی رنگت مختلف کیوں ہوتی ہے مگر کیا ہلکی یا گہری رنگت انڈوں کی غذائی خصوصیات پر اثرانداز ہوتی ہے؟

یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ ایسا کچھ نہیں، زردی کی رنگت جیسی بھی ہو اس میں پروٹین اور چکنائی کی یکساں مقدار ہوتی ہے۔

البتہ گہری رنگت والی زردی میں ممکنہ طور پر وٹامنز کی تعداد کچھ زیادہ اور کولیسٹرول کم ہوسکتا ہے، مگر اس حوالے سے ٹھوس طبی شواہد ابھی موجود نہیں۔

اور ہاں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ زردی کی رنگت جتنی زیادہ گہری ہوگی انڈے کا ذائقہ اتنا ہی اچھا ہوگا۔

Read Comments