Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2021 11:09am

عاصم اظہر کے کنسرٹ میں شرکت پر لوگوں کی باتوں پر ہانیہ عامر کا جواب

کراچی میں 28 اور 29 نومبر کی شب کو معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شرکت اور وہاں پر گلوکار عاصم اظہر اور عاشر وجاہت کے گانوں پر رقص کرنے کی تصاویر و ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہانیہ عامر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ پر آگئیں۔

ماضی میں بھی ہانیہ عامر مذکورہ دونوں گلوکاروں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے خبروں یا پھر ان کے ساتھ ویڈیوز و تصاویر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنتی رہی ہیں۔

اب اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ہونے والی چہ مگوئیوں پر اپنا جواب ایک انسٹاگرام پوسٹ میں دیا۔

انہوں نے لکھا 'آگے بڑھنے اور دوسرے کو آگے بڑھنے دینے میں زیادہ شعور ہے، اپنی ذہنی صحت کے لیے ان چیزوں کو ترجیح دیں جو آپ کو خوش رکھیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ نفرت کو دل میں رکھنے سے صرف آپ ہی کمزور ہوتے ہیں اور زندگی ماضی کے مایوس کن لمحات کو ذہن میں رکھنے کے لیے بہت چھوٹی ہے۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ تلخ لمحات کو ذہن میں رکھنا اور اپنی زندگی کے طریقوں کے انتخاب پر اجنبیوں کے سوالات کے جواب یا وضاحت دینا آپ پر قرض نہیں، خود کو سنبھال کر آگے بڑھیں۔

اداکارہ کی اس پوسٹ پر بیشتر افراد نے ان کے الفاظ کے چناؤ کو سراہا۔

ہانیہ عامر اکثر سوشل میڈیا پر لوگوں کی آرا کا جواب دیتی ہیں، اس سے قبل جون میں ان کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انہوں نے پیارا سے کرارا دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ انہیں ایک ایسی لڑکی کے طور پر یاد رکھیں جو مسکراہٹیں بکھیرتی ہیں۔

ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر 5 جون کو مسکراتے ہوئے کھچوائی گئی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ’وائرل ویڈیو‘ کا ذکر کیے بغیر لکھا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی چھوٹی باتوں کو شیئر کرتی ہیں جو کہ کسی کو بہت اچھے لگتے ہیں اور کوئی ان پر تنقید کرتا ہے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی زندگی کی کچھ چیزیں اس لیے شیئر کرتی ہیں تاکہ جو لوگ انہیں فالو اور پسند کرتے ہیں وہ ان سے متعلق جان سکیں اور ان کا فالوورز سے رابطہ رہے۔

Read Comments