Dawn News Television

شائع 09 دسمبر 2021 12:32pm

مرحومہ اسما نبیل کے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ میں حدیقہ کیانی کاسٹ

مقبول ڈرامے ’رقیب‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی گلوکارہ حدیقہ کیانی کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ جلد ہی نئے ڈرامے ’پنجرہ‘ میں بھی دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، ڈراما پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے تصدیق کی ہے کہ حدیقہ کیانی مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ میں دکھائی دیں گی۔

ڈراما پروڈیوسر نے انسٹاگرام اسٹوریز میں حدیقہ کیانی کی شوٹنگ کے سیٹ کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی ’پنجرہ‘ کا حصہ ہیں۔

شازیہ وجاہت کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں سوشل میڈیا اسٹار اور حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی دنانیر مبین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ دنانیر مبین بھی ’پنجرہ‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں یا پھر وہ ویسے ہی حدیقہ کیانی اور دیگر شوبز شخصیات سے شوٹنگ کے سیٹ پر ملنے پہنچی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام کا آغاز

پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے رواں برس ستمبر میں بتایا تھا کہ انہوں نے مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام کا آغاز کردیا۔

اب انہوں نے ڈرامے کے نام سمیت اس کے کچھ اداکاروں کی تصدیق بھی کردی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ کچھ وقت کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

’پنجرہ‘ کی ہدایات نجف بلگرامی دیں گے جب کہ اطلاعات ہیں کہ ڈرامے کی کاسٹ میں عاشر وجاہت بھی شامل ہیں اور ممکنہ طور پر عمیر رانا بھی دکھائی دیں گے۔

رپورٹس ہیں کہ ’پنجرہ‘ کو 2022 کی پہلی سہ ماہی میں اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

مزید پڑھیں: ڈراما نگار اسما نبیل انتقال کر گئیں

مذکورہ ڈرامے کی لکھاری اسما نبیل رواں برس جولائی میں بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

انہوں نے ’خانی، باندی، دمسی، خدا میرا بھی ہے، دل کیا کرے اور سرخ چاندنی‘ سمیت دیگر ڈراموں کی کہانیاں لکھی تھیں۔

اسما نبیل میں ابتدائی طور پر 2013 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، چند سال زیر علاج رہنے کے بعد انہوں نے کینسر کو تقریبا شکست دے دی تھی مگر بعد ازاں موضی مرض نے دوبارہ انہیں جکڑا اور وہ 2018 کے بعد دوبارہ زیر علاج رہیں۔

کینسر کے علاج کے دوران اسما نبیل اپنے سر کے بالوں سے بھی محروم ہوگئی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی تھیں مگر جولائی 2021 میں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔

Read Comments