Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2021 12:24pm

چار پاکستانی اداکار صلاح الدین ایوبی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل

پاکستان اور ترکی کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے اعلان کردہ تاریخی ڈراما سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کے لیے اداکاروں کو شارٹ لسٹ کیے جانے کے پہلے مرحلے میں صرف 4 پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ میں شامل کرلیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان‘ (اے پی پی) کے مطابق سلطان صلاح الدین ایوبی کی کاسٹ کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آڈیشنز کیے گئے، جس میں 6 ہزار افراد نے حصہ لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حیران کن طور پر 6 ہزار اداکاروں میں سے صرف 62 اداکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے ابتدائی طور پر صرف 4 اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

ڈرامے کے شریک پروڈکشن ہاؤس ’انصاری شاہ فلمز‘ کے سربراہ ڈاکٹر کاشف انصاری نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین کو بتایا کہ آڈیشن کے پہلے مرحلے کے بعد نامور اداکارہ عائشہ عمر، اشنا شاہ، فرحان آغا اور عدنان جیلانی کو کاسٹ میں شامل کرلیا گیا۔

پروڈیوسر نے چارں پاکستانی اداکاروں کو تاریخی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کرنے کی تصدیق کی، تاہم فوری طور پر ان کے کرداروں سے متعلق نہیں بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترک اداروں کا صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

ان سے قبل رواں برس ستمبر میں عدنان صدیقی نے مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ جنگجو صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار پاکستانی نہیں بلکہ ترک اداکار کریں گے۔

عدنان صدیقی نے تصدیق کی تھی نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنائے جانے والے تاریخی ڈرامے کے وہ بھی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کے چار پاکستانی نژاد پروڈیوسر ہیں، جن میں وہ اور اداکار ہمایوں سعید بھی شامل ہیں جب کہ دیگر دو پروڈیوسرز میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کاشف انصاری اور جنید علی شاہ شامل ہیں۔

اداکار نے بتایا تھا کہ پاکستان کے علاوہ ترکی سے بھی مذکورہ ڈرامے کے متعدد پروڈیوسرز ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایا تھا کہ تاریخی ڈرامے کی محض 25 فیصد کاسٹ پاکستانی ہوگی جب کہ تین سیزن پر مشتمل مذکورہ ڈرامے کے پہلے سیزن کی پوری شوٹنگ ترکی میں ہوگی۔

ان کے مطابق ڈرامے کا پہلا سیزن مکمل طور پر وہیں شوٹ ہوگا اور اگلے چار ماہ کے اندر پاکستانی اداکاروں کو وہاں بھیج دیا جائے گا اور مذکورہ ڈرامے کو ویب سیریز کی طرح بنایا جائے گا اور اس کے کم از کم تین سیزن ہوں گے، ہر سیزن میں 34 قسطیں ہوں گی۔

Read Comments