Dawn News Television

شائع 25 جنوری 2022 07:51pm

آئمہ بیگ نے ٹک ٹاک جوائن کر لیا

’کیف و سرور، مست ملنگ چہ کیتا ای اور گروو میرا’ گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی دیگر شوبز شخٰصیات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو جوائن کرلیا اور پہلے ہی روز ہزاروں افراد نے انہیں فالو کرلیا۔

آئمہ بیگ تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے ساتھ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم میں شامل ہوئیں اور انہوں نے پہلی ہی پوسٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے آفیشل ترانے ’آگے دیکھ’ کے ٹیزر شیئر کیے۔

متعدد ملکی و غیر ملکی ایوارڈز اپنے نام کرنے والی گلوکارہ کی جانب سے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بناتے ہی 8 ہزار سے زائد لوگوں نے انہیں فالو کیا جب کہ ان کی ویڈیوز نے ہزاروں ویوز بھی حاصل کیے۔

گلوکارہ نے ٹک ٹاک پر ’آگے دیکھ’ کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مختلف ہیش ٹیگز استعمال کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔

آئمہ بیگ سے قبل شوبز کی متعدد معروف شخصیات نے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں جب کہ صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بوزدار کے نام سے بھی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر اکاؤنٹس موجود ہیں۔

ٹک ٹاک کو پاکستان میں جہاں متنازع ایپ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، وہیں مذکورہ ایپ نئی نسل میں سب سے زیادہ مقبول بھی ہے اور آئے دن اس کے صارفین میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنانے سے قبل ہی آئمہ بیگ کے انسٹاگرام، فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ موجود ہیں اور وہاں انہیں لاکھوں لوگ فالو کرتے ہیں۔

آئمہ بیگ کا شمار ملک کی نوجوان مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے رواں سال پاکستان سپر لیگ کے ترانے ’آگے دیکھ’ کے علاوہ گزشتہ سال کے ترانے ’گروو میرا’ میں بھی نصیبو لال کے ساتھ آواز کا جادو جگایا تھا۔

آئمہ بیگ کو ان کی منفرد آواز کی وجہ سے کافی پسند کیا جاتا ہے اور وہ نئی نسل کی مقبول ترین گلوکارہ ہیں، انہوں نے پاپ گلوکاری کے علاوہ فلموں کے لیے بھی گلوکاری کر رکھی ہے۔

Read Comments