Dawn News Television

شائع 10 فروری 2022 07:07pm

’گہرائیاں‘ میں میرے بولڈ سین دیکھ کر شوہر خوش ہوئے، دپیکا پڈوکون

بولی وڈ کی ڈمپل گرل کہلائی جانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر رنویر سنگھ ان کی آنے والی بولڈ رومانٹک فلم ’گہرائیاں‘ میں ان کے رومانوی سین دیکھ کر خوش ہوئے۔

دپیکا پڈوکون کی فلم ’گہرائیاں‘ میں ان کے ساتھ اننیا پانڈے، سدھانت چترویدی اور دھیریا کاروا مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

’گہرائیاں‘ کی ہدایات شکن بترا نے دی ہیں اور اس کی کہانی دو خواتین کزنز اور ان کے رومانس کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں انتہائی رومانوی اور بولڈ مناظر ہیں اور دپیکا پڈوکون شادی کے بعد پہلی بار اس طرح کی کسی فلم میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم کے ٹریلر جاری ہونے کے بعد اس کے بولڈ مناظر کی وجہ سے دپیکا پڈوکون پر تنقید کی جا رہی تھی اور انہیں طعنے دیے جا رہے تھے کہ شاید ان کے شوہر مذکورہ فلم سے ناخوش ہوئے ہوں گے۔

تاہم اب اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ ان کے شوہر کو ان کی آنے والی فلم ’گہرائیاں‘ پر فخر ہے اور وہ ان کے بولڈ مناظر دیکھ کر خوش ہوئے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ’گہرائیاں‘ میں کیے گئے بولڈ مناظر اور اس پر شوہر کے رد عمل پر کھل کر باتیں کیں۔

دپیکا پڈوکون سے جب پوچھا گیا کہ ان کے شوہر کا ان کی فلم کے بولڈ سین پر کیا رد عمل تھا؟ تو اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ان کا خیال ہے کہ ایسی باتوں پر بات کرنا ہی فضول ہے۔

دپیکا پڈوکون نے وضاحت کی کہ وہ اور ان کے شوہر سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید کو ذہن میں رکھتے ہی ںہیں اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا پر کمنٹس پڑھتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ رنویر سنگھ کو بولڈ سین کیسے لگے؟ اس پر بات کرنا ہی فضول ہے، تاہم وہ جانتی ہیں کہ ان کے شوہر کو ان کی فلم پر فخر ہوا ہوگا۔

دپیکا پڈوکون کے مطابق ان کے شوہر نے ان کی فلم ’گہرائیاں‘ دیکھی ہیں، انہوں نے نہ صرف فلم کی تعریف کی بلکہ وہ ان کے بولڈ سین دیکھ کر بھی خوش ہوئے۔

خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے نومبر 2018 میں شادی کی تھی، جس کے بعد پہلی بار اداکارہ نے کسی بولڈ فلم میں کام کیا ہے۔

دپیکا پڈوکون نے شادی کے بعد اگرچہ ’چھپاک‘ اور ’83‘ سمیت دیگر فلموں میں بھی کام کیا مگر انہوں نے پہلی بار ’گہرائیاں‘ جیسی بولڈ فلم میں کام کیا ہے۔

Read Comments