Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2022 05:23pm

شوبز شخصیات کی عمران خان کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں میں شرکت

متعدد شوبز شخصیات نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے خلاف مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں شرکت کی، جن کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔

جہاں متعدد شوبز شخصیات نے مظاہروں اور ریلیوں میں شرکت کی، وہیں کئی افراد نے عمران خان کی حمایت میں کی جانے والی ریلیوں کی حمایت بھی کی۔

شوبز شخصیات نے عمران خان کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کو عوام کی طاقت اور سابق وزیر اعظم سے عوام کی محبت قرار دیا۔

اداکار محب مرزا نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی اپنی ویڈیو جاری کرتے ہوئے عمران خان کی حمایت میں پوسٹ بھی کی۔

انہوں نے لکھا کہ لوگ تب ہی سڑکوں پر نکلتے ہیں جب وہ کسی ایک آئڈیولاجی پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کو لوگوں کا سمندر قرار دیا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے عمران خان کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لوگوں کے سمندر کے نکلنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہر حکومت کامل اور درست ہوتی ہے بلکہ ان کا مطلب یہ ہے کہ تاریخ نہ دہرائی جائے۔

اداکارہ سائرہ یوسف اور ان کی بہن پلوشہ یوسف نے بھی کراچی میں عمران خان کی حمایت میں نکلنے والی ریلی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کی حمایت کی۔

سائرہ ہوسف کی بہن پلوشہ یوسف نے بھی ریلی کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

گلوکارہ قرت العین بلوچ نے بھی عمران خان کی حمایت میں نکلنے والے مظاہرے میں شرکت کی اور کھل کر سابق وزیر اعظم کی حمایت کی۔

اداکارہ زارا نور عباس نے بھی مظاہروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کی حمایت کی، انہوں نے پہلے بھی ان کی حمایت میں پوسٹس کی تھیں۔

اداکارہ صنم سعید نے بھی عمران خان کی توئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مظاہروں کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ عوام کی طاقت۔

اداکار منیب بٹ نے بھی عمران کان کی حمایت میں نکلنے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ہم بھکاری نہیں ہیں بلکہ ہم ملک کی خودمختاری کے لیے لڑیں گے۔

گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے بھی عمران خان کی حمایت می نکلنے والی ریلی کے دوران کھچوائی گئی اپنی تصویر شیئر کی، جس میں ان کے ساتھ کم سن بیٹے کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار بلال اشرف نے بھی عمران خان کی حمایت میں نکالے گئے مظاہرے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب لوگ بہتر پاکستان کے لیے نکلے ہیں۔

گلوکارہ عینی نے بھی مظاہرے سے متعلق ٹوئٹ کی اور بتایا کہ جلسے کے دوران عام لوگوں نے خواتین کی حفاظت کی، عام لوگوں نے مظاہرے کے شریکین کو ٹھنڈے پانی اور مشروب پیش کیے اور خواتین و بچوں کی حفاظت کی گئی۔

اداکارہ مریم نفیس نے بھی کراچی میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی اور کہا کہ وہ نئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتیں، نئی حکومت نے غلط طریقے سے عمران خان کو اقتدار سے نکالا۔

Read Comments