جان ابراہم کی چنائے سے اپیل
[protected-iframe id="f44b493d5d7ce193228db2c776d11d9e-32306620-33053691" info="http://www.dailymotion.com/embed/video/x11wrqd" width="670" height="350" frameborder="0"]
فلم 'مدراس کیفے' کے ہیرو اور پروڈیوسر جان ابراہم نے چنائے کی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ فلم کی بروقت نمائش یقینی بنائیں۔
ایم ڈی ایم نامی تنظیم کے سربراہ وئیکو نے دو دن پہلے پولیٹیکل - تھرلر'مدراس کیفے' پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ ان کے مطابق فلم میں کالعدم تنظیم ایل ٹی ٹی ای کو بدنام کیا گیا ہے۔
وئیکو نے ایک تحریری بیان میں کہا تھا: میں مرکز سے فلم پر پابندی کی درخواست کروں گا، اس فلم کو ریلیز نہیں ہونا چاہیے اور اگر اسے نمائش کے لیے پیش کیا گیا تو انسانی حقوق کی تنظیمیں ممبئی جیسے شہروں میں احتجاج کریں۔
وئیکو نے اس موقع پر تامل ناڈو کی حکومت سے بھی فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
فلم کو بین کرنے کی درخواست کے ردعمل میں جان ابراہم نے ایک بیان میں چنائے پر زور دیا کہ وہ مدراس کیفے کی حمایت کریں اور اس کی بروقت نمائش کو یقینی بنائیں۔
'یہ ایک قابل اعتماد فلم ہے جو دل سے بنائی گئی ہے'۔
سوجیت سرکر کی ہدایات میں بننے والی 'مدراس کیفے' اسی اور نوے کی دہائی میں انڈین وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل اور سری لنکا کی خانہ جنگی کے سچے واقعات پر مبنی ایک فکشنل فلم ہے۔
فلم میں جان کے علاوہ نرگس فخری، رشی کھنہ اور لینا ماریہ بھی شامل ہیں اور اسے جمعہ تیئس اگست کو سینما گھروں میں پیش کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ جولائی میں فلم کے ٹریلر جاری ہونے کے بعد ایک تامل رضا کار گروپ 'نام تمیزار' اور فلم ساز سیمن نے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
سیمن کا کہنا تھا کہ فلم میں ایل ٹی ٹی ای کے مرحوم سربراہ پرابھاکرن کو دہشت گرد دکھایا گیا ہے۔
' ہم اس کی تائید نہیں کرتے اور ڈسٹری بیوٹرز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ریاست میں فلم کی نمائش نہ کریں'۔
'فلم میں تامل مخالف جذبات ہیں جس سے ہم متفق نہیں'۔