Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2022 02:25pm

اسرائیلی جنگی طیاروں کا غزہ پر حملہ

حماس کے حکام اور اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ فلسطینی سرزمین سے داغے گئے راکٹ اسرائیل میں گرنے کے بعد اسرائیل نے جمعرات کی صبح وسطی غزہ میں فضائی حملے کیے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ حماس کے زیر استعمال 2 تربیتی کیمپس کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک سیکیورٹی پوسٹ اور زیر زمین سائٹ کے ایک حصے کو نشانہ بنایا جسے راکٹ انجن تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، سیکڑوں فلسطینی زخمی

قبل ازیں پولیس نے بتایا کہ غزہ سے فائر کیا گیا ایک راکٹ جنوبی اسرائیل پر گرا، جس سے ایک مکان کو معمولی نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حالیہ چند روز میں اس طرح کے دوسرے حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

ایک بیان میں حماس نے کہا کہ اسرائیل کی بمباری سے فلسطینیوں کو محض قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے اور مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت بڑھانے کی ترغیب ملے گی۔

دریں اثنا عرب لیگ نے اسرائیل سے مشرقی یروشلم میں اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام کے احاطے میں یہودیوں کی عبادت ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور متنبہ کیا کہ یہ مسلمانوں کے جذبات کی کھلم کھلا تضحیک ہے جو بڑے تنازع کو جنم دے سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 3 فلسطینی جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، یروشلم کے قدیم شہر میں مسلمانوں کے عبادت کے حق پر پابندی عائد کر رہا ہے، جبکہ پولیس کی موجودگی میں انتہائی قوم پرست یہودیوں کو رمضان کے مہینے میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اس معاملے پر عَمان میں ہنگامی اجلاس کے بعد عرب لیگ کے سربراہ احمد ابو الغیط کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے مطالبات واضح ہیں کہ مسجد الاقصیٰ اور اس کے تمام علاقے میں حرم شریف مسلمانوں کی واحد عبادت گاہ ہے۔

احمد ابو الغیط نے کہا کہ اسرائیل صدیوں پرانی اس پالیسی کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے مطابق غیر مسلم مکہ اور مدینہ کے بعد اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام الاقصیٰ کا دورہ کر سکتے ہیں لیکن وہاں عبادت نہیں کر سکتے۔

Read Comments