Dawn News Television

شائع 07 جون 2022 06:26pm

صبور علی برائیڈل شوٹ کے دوران جھلسنے سے بچ گئیں

رواں برس کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ صبور علی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے پرانے برائیڈل شوٹ کی ان دیکھی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کس طرح وہ شوٹنگ کے دوران جھلسنے سے بچ گئیں۔

صبور علی نے 6 جون کو گزشتہ ماہ مئی کے آغاز میں کرائے گئے اپنے برائڈل فوٹو شوٹ کی ان دیکھی تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ اداکاری صرف گلیمرس کا نام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات شوٹنگ کے دوران اداکاروں کو انتہائی خطرناک کام بھی کرنے پڑتے ہیں اور ایسے اسٹنٹ بھی کیے جاتے ہیں، جو انتہائی خطرناک ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداکاری کرنا سخت محنت طلب کام ہے، اسے صرف گلیمرس کی دنیا سمجھنا غلط ہے۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں جہیز کے خلاف تشہیری برائڈل فوٹو شوٹ کے دوران آگ کی بھٹی کے قریب کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران اچانک آگ کی لکڑی گر کر ان کے قریب آجاتی ہے۔

آگ کے شعلوں میں بھڑکتی لکڑی کے قریب گرنے سے صبور علی کچھ قدم پیچھے ہوجاتی ہیں، تاہم انہیں ویڈیو میں پرسکون انداز میں شوٹ کرواتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے جس برائیڈل شوٹ کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کی، وہ انہوں نے مئی کے آغاز میں کروایا تھا، جس میں انہوں نے سرخ لباس پہن کر جہیز خوری کے خلاف شعور بیدا کیا تھا۔

جہیز خوری کے خلاف شوٹ کیے گئے تشہیری فوٹوشوٹ کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں اور لوگوں نے ان کی تصاویر کو سراہا تھا۔

شادی کے بعد مذکورہ فوٹو شوٹ اداکارہ کا پہلا شوٹ تھا، اس سے قبل وہ شادی سے پہلے برائیڈل شوٹ کروا چکی تھیں۔

انہوں نے رواں برس کے آغاز میں دیرینہ دوست اداکار علی انصاری سے شادی کی تھی، جن سے انہوں نے گزشتہ برس منگنی کی تھی۔

شادی کے بعد صبور علی کو اسکرین پر کم دیکھا جا رہا ہے، البتہ انہیں شوز اور تقاریب میں دیکھا جاتا رہا ہے۔

Read Comments