Dawn News Television

شائع 14 جون 2022 04:41pm

رشتے کے منتظر شخص کو ماہرہ خان کا جواب ٹرینڈ بن گیا

اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن رومانٹک فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں،جس کا حال ہی میں ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اسی فلم کی تشہیر کے سلسلے میں ماہرہ خان نے حال ہی میں ایک فوٹوشوٹ بھی کروایا اور جب انہوں نے مذکورہ فوٹوشوٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں تو ان کے مداح ان کے دیوانے ہوگئے۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹوشوٹ کی ایک تصویر پر ایک مداح نے اداکارہ کو رشتے کے لیے درخواست کر ڈالی، جس پر اداکارہ نے بھی انہیں کرارا جواب دیا۔

اداکارہ کی تصویر پر ایک مداح نے التجانہ کمنٹس کرتے ہوئے اداکارہ کو مینشن کیا کہ یا تو انہیں قبول کرلیں یا پھر انہیں مسترد کرکے انہیں جواب دے دیں، تاکہ وہ اپنی زندگی کو ان کے آسرے پر نہ چھوڑیں اور آگے بڑھیں۔

مداح کے جواب پر ماہرہ خان نے بھی انہیں ایسا ہی جواب دیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ان کے آسرے میں نہ رہیں اور زندگی کو آگے بڑھائیں، کیوں کہ انہوں نے اپنے لیے پہلے ہی کسی اور کو منتخب کر رکھا ہے۔

اداکارہ کا مذکورہ جواب وائرل ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے 14 جون کو ماہرہ خان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں آگئیں اور پھر ان کے ٹرینڈ پر لوگوں نے ان کی دوسری تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کر ڈالیں۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے جون 2020 میں معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کو انسٹاگرام پر انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ان کے تعلقات سلیم کریم کے ساتھ ہیں، جن سے وہ جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

گزشتہ برس جولائی میں یہ خبریں پھیلی تھیں کہ ماہرہ خان نے سلیم کریم سے خاموشی سے شادی کرلی، تاہم بعد ازاں اداکارہ نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

اس سے قبل ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عکسری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان بھی ہے۔

ماہرہ خان کی پہلی شادی تقریبا 8 سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی اور 2019 سے ان کی دوسری شادی اور ان کے تعلقات سے متعلق بار بار افواہیں سامنے آتیں رہیں، جس کے بعد جون 2020 میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے سلیم کریم کے ساتھ تعلقات ہیں مگر ابھی انہوں نے دوسری شادی نہیں کی۔

Read Comments