Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2022 06:08pm

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹوئٹر کی سروس ڈیڑھ گھنٹے بعد بحال

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس پاکستان سمیت دنیا بھر میں 14 جولائی کی سہ پہر کو اچانک متاثر ہوگئی جو ڈیڑھ گھنٹے بعد بحال ہوئی۔

پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس سہ پہر ساڑھے 4 بجے کے بعد متاثر ہونا شروع ہوئی اور ابتدائی طور پر بعض لوگ ٹوئٹ کرنے سے محروم رہے۔

ٹوئٹ نہ ہوپانے کی شکایت کے بعد اچانک ٹوئٹر کی دیگر سروسز بھی متاثر ہوگئیں اور صارفین کو ایسے پیغامات نظر آنے لگے، جیسے انٹرنیٹ کا کوئی مسئلہ ہو، تاہم ڈیڑھ گھنٹے بعد سروس بحال ہوگئیں

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق ٹوئٹر کی سروس 14 جولائی کو دنیا بھر میں متاثر ہوئی، مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی سروس امریکا، برطانیہ اور یورپ کے متعدد ممالک سمیت مشرق وسطی ممالک اور ایشیائی خطے میں بھی متاثر ہوئی جو ڈیڑھ گھنٹے کے وقفے بعد بحال ہوئی۔

سوشل میڈیا سائٹس کی سروس متاثر ہونے پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈٹیکٹر‘ کے مطابق دنیا کے متعدد ممالک کے صارفین نے 14 جولائی کی سہ پہر کو ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کی شکایات کیں۔

پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں ٹوئٹر صارفین کو لاگ ان ہونے میں بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسے ہی کوئی صارف لاگ ان ہونے کی کوشش کرتا تو سسٹم معذرت کا پیغام دکھا رہا تھا مگر ڈیڑھ گھنٹے بعد ٹوئٹر کی تمام سروسز بحال ہوگئیں۔

رواں برس اب تک دوسری مرتبہ ٹوئٹر کی سروسز دنیا بھر میں متاثر ہوئیں، اس سے قبل فروری میں بھی مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی سروس متاثر ہوئی تھی۔

اس سے قبل 2021 میں بھی ٹوئٹر کی سروس متاثر ہوئی تھی اور ہر بار دو سے تین گھنٹوں بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی سروس بحال ہوگئی تھی۔

Read Comments