Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اگست 2022 08:40pm

چیئرمین پی ٹی آئی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ مختصر وقت کے لیے ہیک

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پیر کو مختصر وقت کے لیے ہیک کرلیا گیا تاہم بعد میں اسے بحال کرا لیا گیا۔

پارٹی کے سوشل میڈیا سربراہ ڈاکٹر ارسلان خالد نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا، تاہم اسے فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا کی مدد سے جلد ہی دوبارہ بحال کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک، عمران خان کی تصویر لگادی گئی

انہوں نے کہا کہ وہ خود عمران کے اکاؤنٹ کی نگرانی کرتے ہیں جس کے 74 لاکھ فالورز ہیں، ہیکرز نے اکاؤنٹ سے کرپٹو کرنسی کا لنک شیئر کیا تھا۔

ارسلان خالد نے کہا کہ ہیکرز نے ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کے ایک ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

اکثر اسکیمرز اور ہیکرز لوگوں کو دھوکا دینے کے لیے سوشل میڈیا پر دنیا کی نامور ارب پتی شخصیت کا روپ دھار لیتے ہیں، مئی 2021 میں امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے کہا تھا کہ اسکیمرز، کرپٹو کرنسی کا جھانسہ دے کر اور ایلون مسک جیسی مشہور شخصیات پر سرمائے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سود کمانے کا لالچ دے کر انہیں تحفے تحائف دینے کے وعدے کرتے ہیں جو کبھی وفا نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے خلاف وزیراعظم پر تنقیدی ٹوئٹ، سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا، دفتر خارجہ

اس فراڈ میں لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ اگر وہ کسی مشہور شخصیت کو کرپٹو کرنسی کی ایک خاص مقدار دیتے ہیں تو انہیں زیادہ رقم واپس ملے گی۔

امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے کہا کہ لوگوں نے صرف پچھلے چھ مہینوں میں ایلون مسک کی نقالی کرنے والوں کو 20 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کرپٹو کرنسی بھیجنے کی اطلاع دی ہے۔

Read Comments