Dawn News Television

شائع 19 اگست 2022 07:45pm

رنبیر کپور کو حاملہ اہلیہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑانے پر تنقید کا سامنا

بولی وڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کو اپنی حاملہ اہلیہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑنے پرتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق حال ہی میں دونوں میاں اور بیوی نے ایک ساتھ انٹرویو دیا، جس دوران ان سے ان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’براہمسترا‘ سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

عالیہ بھٹ سے میزبان نے سوال کیا کہ وہ اپنی فلم کی تشہیر میں دکھائی دیں گی، جس پر انہوں نے واضح جواب دینے کے بجائے سوالیہ انداز میں بتایا کہ وہ کیوں اپنی فلم کی تشہیر کو آگے نہیں بڑھائیں گے یا پھیلائیں گے؟

عالیہ بھٹ کے اسی جواب کے درمیان رنبیر کپور نے انہیں ٹوکتے ہوئے ان کے بڑھتے ہوئے پیٹ پر جملہ کہا، جس سے شائقین ناخوش دکھائی دیے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

ان کے انٹرویو کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رنبیر کپور اپنی اہلیہ کی بات کے درمیان ان کے بڑھتے ہوئے پیٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ کون شخص اس وقت پھیل رہا ہے؟

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوہر کے لطیفے پر عالیہ بھٹ ہنس پڑتی ہیں اور اس دوران رنبیر کپور بھی اہلیہ کے کندھوں پر پیار سے ہاتھ پھیرتے ہیں۔

تاہم مداحوں کو رنبیر کپور کا جواب پسند نہیں آیا اور ان کے لطیفے پر لوگوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

’ٹائمز ناؤ‘ کے مطابق مذکورہ کلپ وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے رنبیر کپور کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں اپنے لطیفے پر شرم دلانے کی کوشش کی اور انہیں یاد دلایا کہ ان کی اہلیہ پہلے ہی مشکل وقت سے گزر رہی ہیں اور اوپر سے وہ ان پر لطیفے بنا رہے ہیں۔

کئی لوگوں نے رنبیر کپور کے جملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں کلپ دیکھ کر دکھ ہوا۔

خیال رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے رواں برس اپریل میں شادی کی تھی اور دونوں نے جون میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

Read Comments