Dawn News Television

شائع 26 اگست 2022 09:10pm

بزرگ افراد کے لیے چہل قدمی کے حیران کن فوائد

عام طور پر نوجوان اور ادھیڑ عمر افراد متحرک رہنے کے لیے مختلف طرح کی ورزشیں کرتے ہیں، تاہم زائد العمری میں بہت سارے لوگ جسمانی طور پر غیر متحرک ہوجاتے ہیں۔

جسمانی طور پر غیر متحرک ہوجانا نہ صرف زائد العمر بلکہ نوجوان افراد سمیت ہر عمر کے لوگوں کے لیے نقصان کار ہوتا ہے مگر انتہائی کم سطح کی جسمانی سرگرمی بھی ضعیف افراد کے لیے بہت فائدہ مند رہتی ہے۔

حال ہی میں کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ 85 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد اگر یومیہ 10 منٹ تک چہل قدمی کریں تو وہ طویل عمر پا سکتے ہیں۔

جنوبی کوریا میں 7 ہزار سے زائد بزرگ افراد پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ یومیہ یا ہفتہ وار چہل قدمی کرتے ہیں، وہ زائد العمری کے باوجود صحت مند دکھائی دیتے ہیں۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے 85 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد سے سوالات پوچھنے سمیت ان کے مختلف ٹیسٹس کرکے ان کی صحت کا جائزہ لیا۔

ماہرین نے پایا کہ 42 فیصد ضعیف افراد کسی طرح کی کوئی سرگرمی نہیں کرتے جب کہ 26 فیصد افراد کچھ نہ کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق صرف 8 فیصد ضعیف العمر افراد جسمانی طور پر متحرک رہنے کی کوشش کرتے ہیں اور وہی لوگ باقی افراد سے زیادہ صحت یاب ہوتے ہیں۔

ماہرین نے تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا کہ 85 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو یومیہ محض 10 منٹ یا پھر ہفتہ وار 100 منٹ تک چہل قدمی کرنی چاہیے۔

چہل قدمی سے ضعیف العمر میں امراض قلب سمیت دیگر طرح کی بیماریاں ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں جب کہ جسمانی طور پر متحرک ہونے کی وجہ سے ان کی زندگی بھی بڑھ جاتی ہے۔

اس سے پہلے کی جانے والی بعض تحقیقات میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہفتہ 150 منٹ اور یومیہ 20 منٹ تک چہل قدمی کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

Read Comments