Dawn News Television

شائع 06 ستمبر 2022 10:01pm

بھارت کے آئی ٹی ہب بنگلورو میں سیلاب، کاریں ڈوب گئیں،ٹریکٹر چلنے لگے

بھارتی ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ہب کہلائے جانے والے شہر بنگلورو میں بارش اور شدید سیلاب کے بعد شہر میں 4 فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا، جس سے گھروں میں کھڑی کاریں بھی ڈوب گئیں جب کہ شہریوں کو منتقل کرنے کے لیے ٹریکٹرز کی مدد لینا پڑی۔

’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق بنگلورو میں سیلاب آنے سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا اور کروڑوں روپے کی مالیت سے بنے عالیشان گھر بھی ڈوب گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنگلورو کو آئی ٹی ہب ہونے کی وجہ سے عالمی معیارات کے مطابق تیار کیا گیا اور وہاں کی سڑکوں کو عام طور پر اونچا سمجھا جاتا ہے مگر سیلاب سے نہ صرف روڈ بلکہ گھر بھی ڈوب گئے۔

سیلاب کی وجہ سے متعدد علاقوں میں تین سے چار فٹ تک پانی جمع ہوگیا اور کئی آئی ٹی کمپنیوں کے دفاتر بھی زیر آب آگئے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

جہاں سیلاب میں بی ایم ڈبلیو سمیت مہنگی ترین کاریں ڈوبتی دکھائی دیں، وہیں بنگلورو کے روڈوں پر ٹریکٹر اور کرینیں چلا کر لوگوں کو ایک سے دوسری جگہ پہنچایا گیا۔

مختلف ملٹی نیشنل اداروں میں کام کرنے والے اعلٰی افسران اور عہدیداروں کے ٹریکٹرز اور کرینوں پر لٹک کر دفتر پہنچے یا پھر آفس سے گھر آنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کیے۔

بعض لوگوں نے بنگلوروں کے روڈوں پر مہنگی کاروں کے بجائے ٹریکٹر ٹرالر چلائے جانے کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بنگلورو کے پاس اپنا سان فرانسسکو بے ہے۔

Read Comments