کوئٹہ: نواب اکبر خان بگٹی کی ساتویں برسی کے موقع پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی ۔
جمہوری وطن پارٹی ( جے ڈبلیو پی)، بلوچ ریپبلیکن پارٹی ( بی آرپی) اور دیگر بلوچ قوم پرست جماعتوں کی اور سیاسی قوتوں کی جانب سے آج صوبے میں ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔
اس موقع پر دکانیں، بازار اور دیگر تجارتی مراکز بند رہے۔ کوئٹہ، خضدار، قلات، مستونگ، تربت، گوادر، خاران، اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ہڑتال کا سماں رہا۔
کوئٹہ کی اہم شاہراہوں مثلاً ڈبل روڈ، سریاب روڈ، بریوری روڈ اور دیگر مقامات پر ٹریفک نہ ہونے کے برابرتھا۔ تاہم نیشنل ہائی ویز پر کوٹہ کراچی روڈ ، تافتان اور جیکب آباد روڈ پر ٹریفک بہت کم تھی۔ بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی وجہ سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
.بزرگ سیاسی رہنما نواب اکبر خان بگٹی کی برسی پر کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی سخت رکھی گئی تھی۔
بلوچستان اور کوئٹہ میں حساس اور شورش ذدہ مقامات پرپولیس، ایف سی اور لیویز اہلکاروں کی نگرانی اور گشت جاری رہا۔
تاہم نامعلوم افراد نے بلوچستان کے ضلع قلات میں سامان بھرے ایک ٹرک کو آگ لگادی۔ مقامی پولیس افسر محمد سلیم نے ڈان ویب سائٹ کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ٹرک کو روکنے کیلئے اس پر فائرنگ کردی۔ ٹرک رک جانے پر وہ اس کے قریب آئے اور ٹرک کو آگ لگادی۔
مسلح افراد واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ تاہم مشتعل افراد اور ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ اس کے بعد لیویز اور پولیس ذرائع نے موقع پر پہنچ کر معمولات بحال کرائے۔
ضلع بولان میں بھی مچھ کے مقام پر ایک ٹرک پر مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ ایک لیوی اہلکار محمد عمران نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ڈرائیور ٹرک کو موقع سے دوڑا کر لے گیا اور یوں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
نواب اکبر بگٹی 26 اگست 2006 کو بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں ایک آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کےبیٹے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے سابق صدر پرویز مشرف، سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔ جبکہ کوئٹہ میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت پہلے ہی پرویز مشرف کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرچکی ہے۔
کوئٹہ ایکسپریس اب نواب اکبر بگٹی ایکسپریس
پاکستان ریلویز کی پشاور کوئٹہ کے درمیان چلنے والی ٹرین کوئٹہ ایکسپریس کا نام تبدیل کر کے نواب محمد اکبر خان بگٹی ایکسپریس رکھ دیا گیا ہے، یہ فیصلہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کیا، جس کا وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خیر مقدم کیا ہے، وزیر ریلوے نے نواب محمد اکبر بگٹی ایکسپریس کو پیر کے روز لاہور سے کوئٹہ کے لیے روانہ کیا۔