Dawn News Television

شائع 07 نومبر 2022 04:43pm

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کا احتجاج، ٹائر جلا کر متعدد سڑکیں بلاک کردیں

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کےکارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئے، لاہور اور پشاور موٹروے سمیت متعدد سڑکیں ٹائر جلا کر بلاک کر دیں۔

گلزار قائد ایئرپورٹ روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے سڑک بلاک کردی گاڑیوں کا رش لگ گیا۔

پی ٹی آئی کارکنان نے حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے علامہ اقبال پارک کے باہر نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے مری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، سڑک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔

پی ٹی آئی کا آئی جے پی روڈ پر احتجاج صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کے آئی جے پی سے اسلام آباد جانے والی سڑک بلاک کر دی۔

مظاہرین کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

اسی طرح پیروھادائی پر بھی مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کردئیے ہیں۔

Read Comments