Dawn News Television

شائع 16 جنوری 2023 10:45pm

سام سنگ ایس 23 کی قیمت چار لاکھ روپے تک ہونے کا امکان

جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کی جانب سے آئندہ ماہ یکم فروری کو اپنی سب سے معروف سیریز ’ایس‘ کے اب تک کے بہترین فونز ’ایس 23‘ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

خبریں ہیں کہ اس بار کمپنی ’گلیکسی ایس 23، گلیکسی ایس 23 پلس اور گلیکسی ایس 23 الٹرا‘ کو مختلف ماڈیولز میں پیش کرے گی۔

اگرچہ ابھی تک کمپنی نے موبائل کے ماڈیولز کے حوالے سے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم امکان ہے کہ فونز کو 8 اور 12 جی بی ریم اور 128، 256 اور 512 جی بی اسٹوریج میموری کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

اسی طرح یہ خبریں بھی ہیں کہ ’گلیکسی ایس 23 الٹرا‘ میں کمپنی کی جانب سے پہلی بار 200 میگا پکسل کیمرا بھی دیا جائے گا اور ممکنہ طور یہی کمپنی کا سب سے مہنگا ترین موبائل ہوگا۔

ابھی تک کمپنی کی جانب سے ’گلیکسی ایس 23‘ سیریز کے فونز سے متعلق معلومات اور قیمت نہیں بتائی گئی، تاہم ماہرین کے مطابق ’ایس 23‘ کا سستا ترین فون پاکستانی پونے دو لاکھ روپے تک فروخت ہوگا۔

تاہم ’ایس 23 پلس‘ اور ’ایس 23 الٹرا‘ کی قیمتیں اس سے زیادہ ہوں گی اور ماڈیولز کے حساب سے بھی فونز کی قیمتوں میں فرق ہوگا۔

سب سے سستے فون ’گلیکسی ایس 23‘ کے ہوں گے جن میں 8 جی بی ریم اور 128 جی بی میموری ہوگی اور ان کی ممکنہ قیمت پاکستانی ایک لاکھ 82 ہزار روپے تک ہونے کی توقع ہے۔

اسی طرح مذکورہ ماڈیول کے 256 جی بی کی قیمت ایک لاکھ 88 ہزار روپے تک ہونے کی امید ہے۔

گلیکسی ’ایس 23 پلس‘ کی قیمت پاکستانی دو لاکھ 25 ہزار روپے سے ڈھائی لاکھ روپے تک ہونے کی امید ہے۔

ایس سیریز کے سب سے مہنگے فون ’ایس 23 الٹرا‘ ہوں گے، جن میں 200 میگا پکسل کیمرا ہوگا اور اس فون کی قیمت 2 لاکھ 85 ہزار روپے سے شروع ہوگی۔

’ایس 23 الٹرا‘ کے 8 جی بی ریم اور 512 جی بی میموری کی قیمت تین لاکھ 10 ہزار روپے جب کہ سب سے بہترین فون کی قیمت پاکستانی ساڑھے تین لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے۔

تاہم فونز کے متعارف ہونے تک اگر ڈالرز کے دام بڑھ گئے تو فونز کی قیمت میں 25 ہزار روپے تک کا اضافہ بھی ہوسکتا ہے اور پاکستانی صارفین کو ٹیکس سمیت گلیکسی کا سب سے بہترین فون 4 لاکھ روپے تک ملنے کی توقع ہے۔

Read Comments