Dawn News Television

شائع 08 فروری 2023 06:30pm

واٹس ایپ پر متعدد اسٹیٹس فیچر متعارف کرانے کا اعلان

دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایپلی کیشن پر متعدد اسٹیٹس فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔

واٹس ایپ پر حال ہی میں متعدد نئے اسٹیٹس فیچر متعارف کرائے گئے تھے، جن میں اسٹیٹس اسٹوری کو مخصوص افراد کے ساتھ شیئر کیے جانے کا فیچر بھی شامل تھا۔

اسی طرح خبریں تھیں کہ واٹس ایپ جلد ہی وائس اسٹیٹس کا فیچر متعارف کرائے گا اور اب ایپ انتظامیہ نے اس کی تصدیق کردی۔

واٹس ایپ کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ پلیٹ فارم پر جلد ہی وائس اسٹیٹس کا فیچر متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارفین 30 سیکنڈ دورانیے کی آڈیو شیئر کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر ویڈیو یا دیگر اسٹیٹس کی طرح کام کرے گا یعنی صارف کے پاس اپنے ریکارڈ کیے گئے وائس نوٹ کو سننے کا حق بھی ہوگا اور اگر صارف اپنی آواز یا نوٹ سے مطمئن نہ ہو تو اسے شیئر کرنے سے قبل ڈیلیٹ بھی کیا جا سکے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت وائس نوٹ اسٹیٹس پر 24 گھنٹے تک رہے گا، جس کے بعد وہ خود بخود غائب ہوجائے گا۔

اسی طرح واٹس ایپ انتظامیہ نے اسٹیٹس ری ایکشن کا فیچربھی پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے تحت صارفین تمام اسٹیٹس کو دیکھنے کے بعد ان پر پوسٹ ری ایکشن بھی کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر فیس بک کی پوسٹ کی طرح ری ایکشن ریپلائی کرنے کی سہولت فراہم کرے گا اور صارف جب بھی کوئی ری ایکشن دینا چاہے گا تو اس کے سامنے ایک ری ایکشن کی پاپ اپ ونڈو کھلے گی۔

اگرچہ واٹس ایپ نے مذکورہ فیچرز کے علاوہ دیگر فیچرز بھی جلد پیش کرنے کا اعلان کیا، تاہم ایپ انتظامیہ نے واضح نہیں کیا کہ ان کو کب تک پیش کردیا جائے گا۔

تاہم امکان ہے کہ تمام فیچرز جلد ہی ترتیب وار صارفین کے پاس آنا شروع ہوں گے اور ممکنہ طور پر اپریل تک فیچرز پاکستانی صارفین تک بھی پہنچ جائیں گے۔

Read Comments