Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2023 01:16pm

بولی وڈ لیجنڈ امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی

بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ حیدرآباد میں فلم کی ایکشن شوٹنگ کے دوران وہ زخمی ہوئے تھے،ان کی ایک پسلی ٹوٹ گئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا سی ٹی اسکین کیا اور آرام کا مشورہ دیا۔

80 سالہ اداکار نے کہا کہ طبیعت بہتر ہونے میں وقت لگے گا، تاہم انہیں اب بھی تکلیف ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

امیتابھ بچن حیدرآباد میں ایک فلم کی شوٹنگ مصروف تھے جس میں دیپیکا پڈوکون بھی مرکزی کردار ادا کریں گی، فلم کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں ،لیکن ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ فلم اگلے سال جنوری میں ریلیز ہوگی۔

امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ ان کی زخمی ہونے کے بعد فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن نے 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔

انہیں شہرت 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم آنند سے ملی جس میں ان کے کردار کو فلم فیئر کا بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

80 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔

اس کے ساتھ ہی امیتابھ بچن بھارت کے سابق سیاست دان اور ٹی وی میزبان بھی ہیں اور ان کا پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کافی مشہور ہوا۔

اداکار کو 3 بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 12 بار فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر لاتعداد اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

Read Comments