اسلام آباد: پاکستان کے سابق مایہ ناز بلے باز ظہیر عباس نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو ہر شعبے میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔
اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کیلئے خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ہماری بیٹنگ لائن اور فیلڈنگ ناکام رہی ، یونس خان اور مصباح الحق کے علاوہ تمام بلے باز ناکام رہے۔
'دوسرے ٹیسٹ میں بلے بازوں کو ذمہ داری سے بیٹنگ کرنا ہوگی'۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میں نوجوان بلے باز شان مسعود کو موقع دینا چاہیے۔
دوسری جانب، پاکستان کے سابق منیجر کرنل ریٹائرڈ نوشاد علی نے کہا ہے کہ زمبابوے جیسی کمزور ترین ٹیم کے خلاف ٹاپ آرڈر کو اپنی بیٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں سعید اجمل اور جنید خان نے عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کیا۔