پاکستان کا پہلا اینیمل رائٹس اینتھم ریلیز
جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم اے سی ایف نے اداکارہ ثانیہ سعید، گلوکار و موسیقار علی الہ دتا سمیت دیگر گلوکاروں و موسیقاروں کی مدد سے جانوروں کے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنے کا پہلا ترانا جاری کردیا۔
اے سی ایف کی سربراہی عائشہ چندریگر کرتی ہیں جو کئی سال ملک بھر اور خصوصی طور پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرتی آ رہی ہیں۔
اداکارہ ثانیہ سعید نے کچھ دن قبل گلی اور محلوں میں پھرنے والے آوارہ کتوں کا خیال رکھنے سے متعلق بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی۔
اب انہوں نے اے سی ایف سمیت دیگر افراد کے اشتراک سے جانوروں کے حقوق کا پہلا ترانا بھی ریلیز کردیا۔
عائشہ چندریگر کی جانب سے ملک کے پہلے اینیمل رائٹس اینھم کی آڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کی موسیقی علی الہ دتا نے ترتیب دی ہے، جنہوں نے گانے میں سروں کو بھی بکھیرا۔
جانوروں کے حقوق سے متعلق ریلیز کیے گئے ترانے کے بول (Hearts Beat The Same) یعنی ایک جیسی ہی دلوں کی دھڑکن ہیں اور اس میں علی الہ دتا سمیت حبا حسن اور موجی نے بھی آواز کا جادو جگایا ہے۔
اینیمل رائٹس اینتھم کی شاعری ثانیہ سعید اور عائشہ چندریگر نے ملک کر لکھی ہے اور گانے کو مختلف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا ہے۔