Live Election 2024

مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرلی، عطا تارڑ

وفاق اور پنجاب میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئے، سب کے ساتھ مل کرچلیں گے، رہنما مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہوفاق اور پنجاب میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئے، سب کے ساتھ مل کرچلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے مشاورت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی تعداد 146 ہوگئی، آج 150 تک مکمل کرلیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کوئی جماعت یک طرفہ طور پر وزیراعظم کا اعلان نہیں کرے گی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزارت عظمی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پیپلزپارٹی سے پاور شئیرنگ کا کوئی فارمولہ ڈسکس نہیں ہوا، وزارت عظمی سے متعلق فیصلہ باہمی مشاورت سے کریں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کامیابی کےخلاف کمزوردرخواستیں دائرکی جارہی ہیں، دھاندلی ہوئی تو اتنی بڑی تعداد میں آزاد امیدوار کیسےجیت گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اتنی بڑی تعداد میں آزاد امیدوار جیتے ہیں، الزامات کی سیاست نہ کریں، سیاسی نابالغوں نے 25 فیصد نتائج پر وکٹری کا اعلان کردیا تھا، جہاں جہاں ہمیں شکست ہوئی اسے خوشدلی سے تسلیم کیا۔