Dawn News Television

شائع 02 اپريل 2024 07:48pm

جاپانی شاہی خاندان نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنالیا

برطانوی سمیت دنیا کے دیگر شاہی خاندانوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جاپانی شاہی خاندان نے بھی نئی نسل کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنالیا۔

جاپانی شاہی خاندان نے انسٹاگرام پر پہلی تصویر 31 مارچ 2024 کو شیئر کی، پہلی تصویر میں بادشاہ نارو ہیتو کو اہلیہ رانی ماساکو اور بیٹی آئکو کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔

شاہی خاندان کے آفیشل انسٹاگرام کی پہلی پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

شاہی خاندان کے آفیشل انسٹاگرام کا نام (kunaicho_jp) رکھا گیا ہے جو کہ شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ کا نام ہے۔

شاہی خاندان کے آفیشل انسٹاگرام پر کی گئی تمام پوسٹس کے کیپشن جاپانی زبان میں لکھے گئے ہیں اور محض دو دن میں بادشاہ، رانی اور ان کی بیٹی کی 5 درجن کے قریب تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں۔

شاہی خاندان کے آفیشل انسٹاگرام کے 2 اپریل کی شام تک تقریبا 6 لاکھ فالوورز ہوچکے تھے اور اکاؤنٹ پر مجموعی طور پر 20 پوسٹس کی جا چکی تھیں اور ایک ہی پوسٹ میں متعدد تصاویر ایک ساتھ شیئر کی گئی تھیں۔

جاپانی شاہی خاندان کی طرح برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے شاہی خاندانوں کے بھی آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں، جہاں پر شاہی خاندان اور اس کے افراد کی سماجی سرگرمیوں کو شیئر کیا جاتا ہے۔

جاپانی شاہی خاندان نے برطانوی شاہی خاندان کے 15 سال بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا آفیشل اکاؤنٹ بنایا ہے، برطانوی شاہی خاندان نے سب سے پہلے 2009 میں ٹوئٹر(ایکس) پر اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا، جس کے بعد انسٹاگرام پر بھی اکاؤنٹس بنائے گئے تھے۔

Read Comments