Dawn News Television

شائع 16 اپريل 2024 07:39pm

فیشن میگزین پر تبو کو بدصورت انداز میں پیش کرنے کا الزام

معروف فیشن میگزین ووگ پر بھارتی صارفین بولی وڈ اداکارہ تبو کو بدصورت انداز میں پیش کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق تبو نے حال ہی میں فیشن میگزین ووگ انڈیا کے لیے فوٹوشوٹ کروایا تھا اور میگزین نے اداکارہ کی تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا تو صارفین نے ان پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

فیشن میگزین کی جانب سے اداکارہ کی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد صارفین نے انسٹاگرام پر کمنٹس کرتے ہوئے میگزین اور اداکارہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ تصاویر کو ڈیلیٹ کیا جائے۔

صارفین نے دعویٰ کیا کہ تبو بھارت کی خوبصورت ترین اداکارہ ہیں لیکن میگزین نے اسے تصاویر میں بدصورت انداز میں پیش کیا۔

زیادہ تر صارفین کی جانب سے تبو کی ان چند تصاویر پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا، جن میں اداکارہ کافی مختلف دکھائی دیتی ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر کو دیکھ کر کوئی بھی تبو کو پہچان نہیں پائے گا کیوں کہ مذکورہ تصاویر میں ان کا میک اپ اور انداز کافی تبدیل کیا گیا ہے۔

صارفین نے الزام عائد کیا کہ تبو کو خراب میک اپ، بدترین ڈریس اور لائٹنگ اور فوٹوگرافی کی مدد سے بدصورت انداز میں پیش کیا گیا اور صارفین نے اداکارہ کی تصاویر کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

مذکورہ تصاویر میں تبو کو سیاہ و سفید رنگوں کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ چہرے کے میک اپ سے وہ کافی مختلف نظر آتی ہیں۔

صارفین کی تنقید پر اداکارہ تبو اور فیشن میگزین نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

Read Comments