بھارتی ریاست بہار میں بندر نے میٹرک کی طالبہ کو گھر کی چھت سے دھکا دے دیا، لڑکی ہلاک
بھارتی ریاست بہار کے ضلع سیوان میں 10ویں جماعت کی طالبہ کو بندر نے گھر کی چھت سے دھکا دے دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ ہفتے کی دوپہر بھگوان پور پولیس اسٹیشن کی حدود ماگھر گاؤں میں پیش آیا، طالبہ پریا کمار سرد موسم کی وجہ سے دھوپ میں چھت پر پڑھائی کر رہی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بندروں کا ایک گروپ چھت پر نمودار ہوا اور پریا کمار کو ہراساں کرنا شروع کر دیا، خوف کی وجہ سے پریا مفلوج ہوکر رہ گئی، جس کی وجہ سے وہ بھاگ نہیں سکی۔
جب گاؤں والوں نے شور مچایا، تو پریا نے سیڑھیوں کی جانب بھاگنے کی ہمت کی، تاہم مبینہ طور پر ایک بندر نے چھلانگ لگائی اور لڑکی کو طاقت سے دھکا دیا، جس کی وجہ سے وہ چھت سے گر گئی۔
اونچائی پریا کو شدید چوٹیں آئیں، جن میں اس کے سر کے پچھلے حصے اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں بھی شامل ہیں، اس کے اثر کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گئیں۔
پریا کو بچانے کی کوشش میں اس کے گھر والوں نے اسے علاج کے لیے سیوان صدر ہسپتال پہنچایا، تاہم افسوس ناک بات یہ ہے کہ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
بھگوان پور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سجیت کمار چودھری نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ جب ہمیں اطلاع ملی تو ہم تفتیش کے لیے وہاں گئے، اہل خانہ نے لڑکی کو صدر ہسپتال میں داخل کرایا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اہل خانہ نے اس معاملے میں پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کر دیا اور کسی کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔